لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈز نے سیریز میں شامل بقیہ میچز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز میں شامل ایک روزہ میچ اور دوسرا ٹیسٹ میچ ملتوی کردئیے گئے ہیں۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بورڈز اب مستقبل میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل سیریز کو مکمل کرنے کے لیے باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 7تا 10 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا، جس میں پاکستان نے ایک اننگز اور 44 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے مرحلے میں شرکت کے لیے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کو 29 مارچ کو کراچی پہنچنا تھا جب کہ دونوں ٹیموں کے مابین واحد ایک روزہ میچ یکم اپریل کو کھیلا جانا تھا اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل دوسرا ٹیسٹ میچ 5 تا 9 اپریل تک جاری رہنا تھا۔
اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 مارچ سے شروع ہونے والا پاکستان ایک روزہ کپ بھی غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔