کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے ہرادیا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے آخری گروپ میچ میں کوئٹہ گلیڈٰ ی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میں کامیابی کے باوجود دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز کی ٹیم کم رن ریٹ کے باعث ایونٹ کیسیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرسکی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 151 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شین واٹسن اور خرم منظور نے نصف سنچریاں بنائیں۔

سیمی فائنل میں رسائی کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مطلوبہ ہدف 20گیندوں پر حاصل کرنا تھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مڈل آرڈر بیٹسمین کیمرون ڈیلپورٹ کے علاوہ کنگز کا کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔

تیس رنز پر ابتدائی دو وکٹیں (شرجیل خان 0اور افتخار احمد21)گنوانے کے بعد کراچی کنگز کے کیمرون ڈیلپورٹ نے میدان کا رخ کیا۔ انہوں نے اوپنر بابراعظم اور مڈل آرڈر بلے باز چیڈوک والٹن کے ہمراہ بالترتیب 42 اور73 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 150 کے پاس پہنچایا۔

کیمرون ڈیلپورٹ نے 44 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابراعظم 32اور چیڈوک والٹن 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ اسامہ میر 1 اور محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ نے 2 جبکہ فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹے تو شین واٹسن نے خرم منظور کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 118 رنز کی شراکت قائم کی۔

شین واٹسن نے194 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 66رنز بنائے۔ خرم منظور 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 63رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران سرفراز احمد 2 اور بین کٹنگ صفر رنز بناکرپویلین واپس لوٹے۔

139کے مجموعے پر 5وکٹیں گنوانے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 34 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے۔اعظم خان نے 12 اور محمد نواز نے 8 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 16.2اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 154 رنزبناکر فتح حاصل کرلی۔

کراچی کنگز کے ارشد اقبال اور وقاص مقصود نے 2،2 جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شین واٹسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایونٹ کاپہلا سیمی فائنل منگل کی دوپہر 2 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں ملتان سلطانز کی ٹیم سابقہ چیمپئن پشاور زلمی کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ایونٹ کا دوسراسیمی فائنل اسی روزشام 7 بجے کراچی کنگز اور لاہور قلندرزکے مابین کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!