پاکستان سپر لیگ سے منسلک تمام 128 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ سے منسلک تمام افراد کے کووڈ-19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آنے کی تصدیق کردی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سے منسلک تمام تر افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے تحت کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ کیے گئے۔پی سی بی نے17مارچ کو پی ایس ایل میں شریک کُل 128 افراد کا ٹیسٹ کروایا جس کے نتائج منفی آئے جب کہ ملتان سلطانز کی جانب سے16 مارچ بروز پیر کو کروائے گئے کورونا وائرس کےتمام17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے ہیں۔پی سی بی نے کورونا وائرس کے تمام 128 ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کردی ہے۔اس حوالے سے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ تمام کھلاڑی اور میچ آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں، وہ بغیر کسی خدشے کے ایک بار پھر اپنے اہلِ خانہ کاحصہ بن گئے ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز ملتودی کردیے ہیں جس کو ری شیڈول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

error: Content is protected !!