کورونا وائرس سے بچائو کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب میں ہیلتھ ڈیسک قائم کردیا گیا


لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب نے حکومتی احکامات کے مطابق ملازمین کو کورونا وائرس سے بچانے کے لئے ہیلتھ ڈیسک قائم کردیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کے تمام ملازمین کے ہاتھ سینیٹائزر سے صاف کرائے جارہے ہیں اور ان کو احتیاطی تدابیر سے آگاہی بھی دی جارہی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سمیت تمام ملازمین نے دفتر داخل ہونے پر سینیٹائزر سے ہاتھ صاف کئے، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچائو کے لئے حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کیا جارہا ہے، نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے تمام دفاتر میں سپرے بھی کرالیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے اور گبھرانا بھی نہیں، اس کی روشنی میں محکمہ سپورٹس پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب نے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا ہے اور ملازمین سمیت شہریوں کو آگاہی دے رہے ہیں کہ ہم احتیاطی تدابیر اپنا کر اس وباء کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ان حالات میں شہریوں کو چاہئے کہ وہ اپنے ارد گرد کا ماحول صاف رکھیں تاکہ یہ وباء پھیل نہ سکے۔

error: Content is protected !!