شاہین آفریدی،محمد عباس اور نسیم شاہ بھرپور کھیل پیش کریں گے،بابر اعظم

مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ)ٹیسٹ سیریز میں فتح کو اولین مقصد قرار دینے والے مختصر فارمیٹس کے قومی کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپنے پیسرز پر انحصار کرلیا ہے جن کا کہنا ہے کہ میزبان ٹیم کیخلاف گزشتہ سیریز مقابلے سے بھرپور ثابت ہوئیں مگر اس بار کامیابی پر نگاہ مرکوز ہے،شاہین آفریدی،محمد عباس اور نسیم شاہ بھرپور کھیل پیش کریں گے،پلیئرز مکمل فٹ اور بہتر حالت میں ہیں جنہوں نے ابتدائی مشکلات کے بعد خود کو ماحول سے ہم آہنگ کرلیا،ہر کوئی پروٹوکولز کی مکمل پاسداری کر رہا ہے۔ بابر اعظم کا ویڈیو لنک پر میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم خاصی بہتر حالت میں آچکی ہے اور تمام کھلاڑی میدان میں اترنے کے بعد ٹریننگ سیشنز کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں جن کوتین ماہ کے بعد کھیل سے ہم آہنگی کے حوالے سے ابتداءمیں کچھ شکوک تھے لیکن اب انہوں نے اپنی تیاریاں پوری طرح شروع کردی ہیں ۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ یقینی طور پر کچھ چیزیں یکسر تبدیل ہو گئی ہیں کیونکہ کھلاڑیوں کو سماجی فاصلوں کی پابندی کے ساتھ نہ تو باہر جانے کی اجازت ہے اور نہ ہی وہ ایک ساتھ جم جا سکتے ہیں ۔انہوں نے اعتراف کیا کہ دو سے تین روز کی ٹریننگ کے دوران گرین شرٹس نے خود کو حالات کے تحت ڈھالنے کی کوشش کی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گااور جب انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز شروع ہوگی تو اس مرتبہ اولین مقصد سیریز کی فتح ہے کیونکہ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ ہوم سیریز میں بھی اچھا کھیل پیش کیا تھا اور وہ اسی اعتماد کے ساتھ انگلینڈ آئے ہیں اور کھلاڑیوں میں کچھ کر دکھانے کی بھوک واضح محسوس ہو رہی ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے کافی عرصے سے کرکٹ نہیں کھیلی ہے اور تمام پلیئرز ہمہ وقت اسی موضوع پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ انہیں حریف باؤلرز اور بیٹسمینوں کیخلاف کامیابی کیلئے کیا کچھ کرنے کی ضرورت ہے اور یقین ہے کہ ان کی جانب سے 110فیصدی کارکردگی سامنے آئے گی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ اپنی کنڈیشنز میں انگلش باؤلرز کو تھوڑی سی برتری حاصل ہے لیکن پاکستانی ٹیم میں موجود شاہین آفریدی،محمد عباس اور نسیم شاہ بھی حریف بیٹسمینوں کو مشکلات سے دوچار کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں جن میں سے محمد عباس کو انگلش کنڈیشنز کا بخوبی علم ہے جو کاؤنٹی کرکٹ کھیلتے رہے ہیں،پاکستانی پیس اٹیک اپنا بھرپور کھیل پیش کرے گا اور اسی وجہ سے اس پر انحصار بھی کیا جا رہا ہے۔

error: Content is protected !!