لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے تینوں طرز کی کرکٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے پرنسپل پارٹنر کی حیثیت سے پیپسی کےساتھ معاہدے میں ایک سال کی توسیع کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پیپسی کے درمیان یہ شراکت داری گذشتہ دو دہائیوں سے جاری ہے۔
یہ شراکت داری ابتدائی طور پر30جون 2021 تک جاری رہے گی۔ اس دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز، آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، زمباوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز، جنوبی افریقہ ، نیوزی لینڈ اور زمباوے کے خلاف اوے سیریز کھیلنی ہیں۔
پاکستان کی پہلی موبائل فنانشل سروس، ایزی پیسہ،دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی ایسوسی ایٹ پارٹنر ہوگی۔
سعد منور خان، ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ فرنچائز، پیپسی کوپاکستان:
پیپسی کو پاکستان کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ فرنچائز سعد منور خان کاکہنا ہے کہ ہم قومی کرکٹ ٹیم کے پرنسپل پارٹنر کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اپنی شراکت داری کے سفر کو جاری رکھنے پر فخر محسوس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپسی، پاکستان کرکٹ اور پرجوش مداح ایک فیملی کی حیثیت رکھتے ہیں اورہم سب اپنے چیمپئن کرکٹرز کو میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیلتےدیکھنا چاہتے ہیں۔
بابرحامد، ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل بابرحامد نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ مشکل معاشی صورتحال کے پس منظر کے باوجودہم نے پیپسی کے ساتھ ایک قابل قبول معاہدے کرلیا ہے جس کے مطابق پیپسی آئندہ 12 ماہ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا پرنسپل اسپانسر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پیپسی 1990 کی دہائی سے ہمارا قابل قدر شراکت دار ہے اور اس دوران ہم نے مشترکہ طور پر کئی یادگار لمحات دیکھے ہیں، امید ہے یہ یادگار سفر آئندہ 12 ماہ بھی جاری رہے گا۔
بابرحامد نے کہا کہ شراکت داری کے معاہدے میں یہ توسیع پیپسی کے ساتھ ہمارے تعلقات کی عکاسی کرنے کے ساتھ ساتھ اس امر کا بھی اظہار کرتی ہے کہ وہ قومی کرکٹ ٹیم کی اسپانسرشپ کو کتنی قدر کی نگاہ سے دیکھتےہیں۔