سیاست کے میدان میں کودنے کا کوئی پروگرام نہیں، شاہد آفریدی

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ان کا الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں ایک اسکول کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت کے منصوبے کاغذوں میں ہوں گے لیکن زمین پر نہیں ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ صحت، تعلیم اور پینے کے صاف پانی کے مسائل ہیں۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ انھوں نے ضلع خیبر کی وادی تیرہ کا دورہ کیا جہاں عوام مشکلات کا شکار ہیں۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ان کا الیکشن میں حصہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل افراد کی صلاحیت پر سوالیہ نشان اٹھادیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ایسی ٹیم ہو جو مسائل کا حل تلاش کرے۔

قبل ازیں حیات آباد کے اسکول میں سابق کپتان نے بچوں سے ملاقات کی اور اس دوران اسٹار کرکٹر بچوں میں گھل مل گئے۔حیات آباد کے ایک اسکول میں شاہد آفریدی کو دیکھ کر بچوں کے چہرے پر خوشی کے آثار نمایاں تھے۔بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اپنی سوچ بڑی رکھیں، محنت اور لگن سے کام کریں، طلبہ شارٹ کٹ پر یقین نہ رکھیں اور اساتذہ کی عزت و احترام کریں۔سابق کپتان نے اسکول کے بچوں کو آٹو گراف بھی دیے جبکہ ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

تعارف: newseditor