لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جب تک جوش اور جذبہ برقرار ہے کرکٹ کھیلتا رہوں گا، دل تو چاہتا ہے کہ ریٹائرمنٹ لے لوں لیکن پرستاروں اور فیملی کا مطالبہ ہے کہ لیگز میں شرکت جاری رکھوں،خود بھی ابھی کھیل کیلیے جوش اور جذبہ محسوس کرتا ہوں، جب لگا کہ فٹنس ساتھ نہیں دے رہی، ٹیموں پر بوجھ بن رہا ہوں، جوش اور جذبہ برقرار نہیں رہا تو کرکٹ چھوڑ جاؤں گا۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم سیکھنے کا نہیں کارکردگی دکھانے کا پلیٹ فارم ہے، کوچنگ کے لیے تو انڈر14 اور 16 کرکٹرز پر اکیڈمیز میں توجہ دینا مناسب ہے، جب کوئی کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بنا لے تو اسے پرفارمنس کے لیے تیار کرنا ہوتا ہے، سپورٹ سٹاف میں موجود لوگ پلیئرز کو دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے میں رہنمائی کر سکتے ہیں، وہ بتاتے ہیں کہ مشکل حالات میں ثابت قدم رہتے ہوئے کس طرح توجہ مرکوز رکھنا ہے، سکلز کے بارے میں سکھانے کا کام جونیئر سطح پر ممکن ہے۔