جشن آزادی ویٹرنز فٹبال سپر کپ،ٹرافی پر ہم پیالہ اسپورٹس کا قبضہ

فائنل میں سر علی اصغر ویٹرن الیون بی ٹیم کو شکست، فرحان نیوی اور ضمیر الاسلام نے انعامات تقسیم کئے


کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سر علی اصغر ویٹرن الیون (B)کے زیر اہتمام ڈرگ یونین فٹبال اسٹیڈیم پرجشن آزادی ویٹرنز فٹبال سپر لیگ کا شاندار انعقاد کیا گیا،جس کے فائنل میں ہم پیالہ اسپورٹس نے میزبان سائیڈسر علی اصغر ویٹرن الیون بی کو پنالٹی ککس پر3-1 سے قابو کر ٹائٹل کو اپنے شو کیس کی زینت بنالیا۔اس ویٹرنز مقابلوں میں پاکستان کے سابق انٹرنیشنل،نیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے شائقین فٹبال سے زبردست داد وصول کی۔ڈرگ روڑ یونین فٹبال اسٹیڈیم میں جشن آزادی ویٹرنز فٹبال سپر لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں ہم پیالہ اسپورٹس نے سر علی اصغر اے ٹیم کو 2-0سے شکست دیکر فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا،

فاتح ٹیم کی جانب سے رئیس احمد اور محمد خان نے ایک ایک گول اسکور کئے۔ سر علی اصغر اے ٹیم میچ میں کوئی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔دوسرے سیمی فائنل میں سر علی اصغر بی ٹیم نے انٹرنیشنل کراچی ٹیم کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد2-1 سے قابو کرکے فائنل میں سیٹ کنفرم کرالی۔سر علی اصغر بی ٹیم کی جانب سے ایک گول صدیق نے اسکور کیا،جبکہ ایک گول اون اسکور کیا گیا۔ناکام سائیڈ کا واحد گول عثمان نے بنایا۔ فائنل میں ہم پیالہ اسپورٹس نے سر علی اصغر بی ٹیم کو مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد پنالٹی ککس پر 3-1سے مات دیکر ٹرافی پر اپنا قبضہ جمالیا۔دوران میچ ہم پیالہ اسپورٹس کی جانب سے ارشد نے اسکور کیا۔

سر علی اصغر بی ٹیم کی طرف سے ایشلے جانی ڈین نے گول بنایا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پنالٹی ککس کا سہارا لیا گیا،جس میں ہم پیالہ اسپورٹس نے سر علی اصغر بی ٹیم کو 3-1سے زیر کرکے فاتح ٹیم اپنے نام کرلی۔میچ کے ریفری شوکت علی، اسسٹنٹ ریفریز، بابر،تنویر، میچ کمشنر رضا خان تھے۔ فائنل کے اختتام پرمہمان خصوصی انٹرنیشنل فٹبالر نیوی فرحان اور ضمیر الاسلام نے فاتح ٹیم کے کپتان محمود خان مودی کو اپنے دست مبارک سے ٹرافی پیش کی،ان کے ساتھ ڈی ایف اے ساؤتھ غلام عباس بلوچ پلیئر پینل کے سیکریٹری کے امیدوار اخلاق احمد بلوچ اور منیجر محمد سلیم سماء بھی ہمراہ تھے۔تقریب میں انٹرنیشنل فٹبالر ز،سابق اور موجودہ کوچز،غلام شبیر، محمد قاسم، سید ناصر اسماعیل،شہزاد رحمن،ایشلے جانی ڈین، آصف خان،عبدالوحید،ویگر موجود تھے۔

تعارف: newseditor