انگلینڈ کیخلا ف ٹی 20سیریز ،17قومی کرکٹرز شارٹ لسٹ

نو عمر فاسٹ بائولر نسیم شاہ کو بھی سترہ رکنی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی نے 17پلیئرز شارٹ لسٹ کر لئے جن میں نوعمر پیسر نسیم شاہ بھی شامل ہیں تاہم چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ کم و بیش وہی ٹیم ہے جو کہ مختصر فارمیٹس میں پہلے بھی کھیلتی رہی ہے۔مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں 28اگست سے شروع ہونے والی تین میچوں کی سیریز کیلئے بابر اعظم کی زیرقیادت ٹیم میں فخر زمان،حیدر علی،حارث رؤف،افتخار احمد،عماد وسیم،خوشدل شاہ،محمد حفیظ،محمد حسنین،محمد رضوان،محمد عامر،نسیم شاہ،سرفراز احمد،شاداب خان،شاہین آفریدی ،شعیب ملک اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ یہ زیادہ تر ان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہے جو مختصر فارمیٹس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں البتہ ان میں پی ایس ایل،انڈر 19اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے حامل بیٹسمین حیدر علی اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بھی شامل کیا گیا ہے کیونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے انہیں بڑے سکواڈ کی سہولت حاصل ہے

جبکہ ان کے آپشنز بھی بڑھ گئے ہیں۔ سکواڈ میں دو تجربہ کار پیسرز محمد عامر اور وہاب ریاض کے علاوہ سرفراز احمد اور فخر زمان کی واپسی کی نشاندہی کرتے ہوئے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ عام طور پر ٹی ٹونٹی ٹیم کچھ عرصے کیلئے یکجا ہوتی ہے مگر موجودہ حالات میں پلیئرز ایک ماہ سے زائد عرصے سے ساتھ ہیں جس کی وجہ سے ٹیم کی تعمیر اور نوجوان پلیئرز پر کام کرنے کا موقع مل گیا۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز مقابلے سے بھرپور ہوگی جسے جیتنے کی کوشش کریں گے تاہم جن پلیئرز کو موقع نہیں مل سکا وہ بھی کافی کچھ سیکھ کر وطن واپس جائیں گے۔

error: Content is protected !!