لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلش فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان ہیری میگوائر پولیس سے جھگڑے کے الزام میں گرفتار کرلئے گئے ہیں جب کہ ان پر رشوت دینے کے الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق میگوائر نے یونان کے ایک کلب میں پولیس پر حملہ کیا اور ان پر اہلکاروں کیساتھ جھگڑے، نازیبا الفاظ اور رشوت دینے کے الزامات ہیں۔
دنیا کے مہنگے ترین ڈیفینڈر اور انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان ہیری میگوائر اور ان کے بھائی سمیت دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق میگوائر پر الزام ہے کہ انہوں نے دوستوں کے ہمراہ کلب میں مقامی پولیس اہلکار پر حملہ کیا اور ان کیخلاف مقدمہ درج کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جس نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیدیا ہے اور یوں وہ اپنے گھر روانگی کیلئے آزاد ہیں۔
ہیری میگوائر ان دنوں اپنی فیملی کے ساتھ چھٹیاں گزارنے یونان کے آئی لینڈ میں موجود ہیں جہاں ان کا کسی سے جھگڑا ہوا تو موقع پر موجود پولیس اہلکاروں نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ جھگڑا ختم ہونے کے بعد فٹ بالرز پر مشتمل گروپ نے پولیس آفیسرز کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے جب کہ ان پر حملہ بھی کیا۔