نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا گیا


‏‏ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)‏ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے کرکٹ کے نامور ستاروں پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔ تینتیس میچوں پر مشتمل ایونٹ کا افتتاحی میچ بدھ کی سہ پہر 3 بجے دفاعی چیمپئن ناردرن اور خیبرپختونخوا کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے پہلے ٹورنامنٹ کے لیے اعلان کردہ پینل میں وسیم اکرم، رمیز راجہ، اظہر علی، ثناء میر اور بازید خان شامل ہیں۔کرکٹ کا وسیع علم رکھنے والے یہ نام 14 کیمروں سے تیار کردہ پی ٹی وی اسپورٹس پر نشر ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے دوران کھیل پر تبصرہ کریں گے۔

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں انگریزی کے ساتھ ساتھ قومی زبان اردو میں بھی کمنٹری ہوگی۔ معروف کمنٹیٹر طارق سعید اور سکندر بخت کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹر مرینہ اقبال اور موجودہ فرسٹ کلاس کھلاڑی شہزر محمد بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہیں۔ اس دوران معروف پریزینٹر ز زینب عباس اور سویراپاشاپری اور پوسٹ میچ شوزکریں گی۔

رمیز راجہ ایونٹ کے ابتدائی 2 روز کمنٹری کرنے کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل کے لیے دوبارہ کمنٹری کرنے راولپنڈی آئیں گے۔وسیم اکرم 9،10اور 11 اکتوبر کو راولپنڈی کے میچوں میں کمنٹری کریں گے جبکہ بازید خان ملتان میں ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں کمنٹری کریں گے۔

وسیم اکرم:

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کاکہنا ہے کہ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی براڈکاسٹ ٹیم کا حصہ بننے پر بہت مسرور ہیں، ہم سب اس نئے ڈومیسٹک ڈھانچے کےپیچھے کھڑے ہیں اورمجھے یقین ہے کہ یہ ایونٹ شائقین کرکٹ کے لیے ایک حسین یاد گار رہے گا۔

رمیز راجہ:

معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے آغاز کے لیے اس سے اچھا وقت اور کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے ہم سب اپنےگھروں تک محدود ہوگئے تھے مگر کرکٹ کے اس کھیل نے ہم سب کو پھر سے پرجوش کردیا ہے۔رمیز راجہ نے کہا کہ وہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں کمنٹری کرنے کے منتظر ہیں۔

اظہر علی:

اظہر علی نے کہا کہ وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بعد اب نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں کمنٹری کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔

اظہر علی کا مزید کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کمنٹری کے ذریعے انہیں پاکستان کے باصلاحیت انڈر19 کرکٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا بھی موقع ملے گا۔

ثناء میر:

میں نے گھر، سڑک، گلی، قومی اور بین الاقوامی ہر سطح پر کرکٹ کھیلی مگر کمنٹری میں یہ میرا پہلا تجربہ ہوگا، مجھے یقین ہے کہ یہ تجربہ میدان میں کرکٹ کھیلنے سے زیاد آسان ثابت ہوگا۔

بازید خان:

بازید خان کو امید ہے کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ دیکھ کر خوش ہورہے ہیں کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں بہتری لانے پر کام کیا جارہا ہے، پرامید ہوں کہ شائقین کرکٹ اس مرتبہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی کوریج سے لطف اندوز ہوں گے۔

تعارف: newseditor