دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)ہیملٹن ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 251 رنز بنانے والے کیوی کپتان کین ولیمسن نے نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ولیمسن نے اپنی ڈبل سنچری کی بدولت 74 پوائنٹس حاصل کیے جس کے بعد ان کے مجموعی پوائنٹس 812 سے 886 ہوگئے۔ ان کے ہم وطن ٹام لیتھم نے اپنی کیریئر کے بہترین 733 پوائنٹس حاصل کیے اور 86 رنز کی بدولت رینکنگ میں 10 ویں پوزیشن بھی اپنے نام کرلی،پاکستانی کپتان بابراعظم کی 5ویں پوزیشن برقرار ہے ۔
ویسٹ انڈیز کے جیرمین بلیک ووڈ نے پہلے ٹیسٹ میں سنچری سکور کرکے 17 درجے ترقی کے ساتھ 41 ویں پوزیشن اپنے نام کرلی جو اگست 2017ء میں 40 ویں نمبر پر پہنچنے کے بعد ان کی بہترین رینکنگ ہے۔
ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز میں الزاری جوزف کے 86 رنز نے انہیں 31 درجے ترقی کے ساتھ 123 ویں پوزیشن سنبھالنے میں مدد کی اور کیریئر میں سب سے زیادہ 219 پوائنٹس بھی حاصل کیے۔
میچ میں نیل ویگنر کی 6 وکٹیں انھیں انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ سے آگے باؤلرز کی درجہ بندی میں دوسری پوزیشن پر لے آئیں ،یہ اس سے قبل بھی ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن تھی جو انہوں نے دسمبر 2019ء میں اپنے نام کی تھی۔ مارچ 2008ء میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے ٹم ساؤتھی کے کیریئر بیسٹ 817 پوائنٹس نے انہیں چوتھی پوزیشن پر پہنچنے میں مدد کی۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر کوئی وکٹ نہ لینے کی وجہ سے بائولرز کی رینکنگ میں 5ویں سے 7ویں نمبر پر آگئے، ہولڈر آل راؤنڈرز ٹیبل میں بھی ٹاپ پوزیشن سے محروم ہوگئے، انہیں انگلینڈ کے بین سٹوکس سے ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل تھی تاہم اب بین سٹوکس ان سے 12 پوائنٹس آگے ہیں ۔بین سٹوکس نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ کے بعد ہولڈر سے پہلی پوزیشن چھینی تھی تاہم ہولڈر نے جلد ہی ٹاپ مقام دوبارہ حاصل کرلیا تھا ۔