آسٹریلین ٹی20 لیگ بگ بیش میں کرکٹ کے نئی جہتیں متعارف کرانے کے لیے تین نئے قوانین لانے کا فیصلہ کیا

سڈنی (سپورٹس لنک رپورٹ)آسٹریلین ٹی20 لیگ بگ بیش میں کرکٹ کے نئی جہتیں متعارف کرانے کے لیے تین نئے قوانین لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بگ بیش لیگ کے آئندہ آنے والے ایڈیشن میں ‘پاور سرج’، ‘ایکس فیکٹر’ اور ‘بیش بوسٹ’ کے نام سے ترامیم متعارف کرائی جائیں گی۔
اس ‘پاور سرج’ نامی قانون میں پاور پلے کو چار اوورز تک محدود کردیا جائے گا جس کے بعد بقیہ دو اوورز کا پاور پلے اننگز کے 11ویں اوور کے بعد لیا جا سکے گا جس سے بیٹنگ ٹیم زیادہ جارحانہ حکمت عملی اختیار کر سکے گی۔

ابھی ٹیمیں ابتدائی چھ اوورز میں پاور پلے کا استعمال کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ ‘ایکس فیکٹر’ پلیئر کے نام سے اضافی قانون متعارف کرایا جائے گا جس کے نتیجے میں ٹیم کو حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے پہلی اننگز کے ابتدائی 10 اوورز کے بعد ایک کھلاڑی کو تبدیل کرنے کی اجازت ہو گی۔

مذکورہ کھلاڑی کو 12واں یا 13واں کھلاڑی قرار دیا جا سکے گا اور کسی بھی ایسے کھلاڑی سے تبدیل کیا جا سکے گا جس نے بیٹنگ یا باؤلنگ نہ کی ہو۔

اس کے علاوہ ‘بیش بوسٹ’ کے نام سے ایک تیسری تبدیلی متعارف کرائی جائے گی جو میچ کی دوسری اننگز میں لاگو ہو گی، ہر میچ میں چار پوائنٹس ہوں گے جن میں سے تین پوائنٹس فاتح ٹیم کے لیے ہوں گے جبکہ ایک بیش بوسٹ پوائنٹ بونس کی شکل میں ہو گا جو دوسری اننگز کے درمیان میں دیا جائے گا۔
اس بوسٹ پوائنٹس کا طریقہ کار یہ ہو گا کہ اگر ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم 10 اوورز بعد مخالف ٹیم کے آدھے اسکور سے زائد کرنے میں کامیاب رہی تو اسے پوائنٹ دے دیا جائے گا لیکن اگر ان کا اسکور اس سے کم ہوا تو فیلڈنگ کرنے والی ٹیم کو وہ اضافی پوائنٹ مل جائے گا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے بگ بیش کے سربراہ السٹر ڈوبسن نے کہا اس طرح کی نئی جدتیں متعارف کرنے کی وجہ سے ہی بگ بیش کرکٹ کی تاریخ کی سب سے دلچسپ اور کامیاب لیگ ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ پورے میچ میں دلچسپی کا عنصر برقرار رہے۔

error: Content is protected !!