کوئنز ٹاؤن(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ بابراعظم اپنے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہونے کی وجہ سے سیریز سےآؤٹ ہوئے ہیں۔
اتوار کے روز کوئنز ٹاؤن میں نیٹ سیشن میں تھرو ڈاؤن کے دوران ایک گیند بابراعظم کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایاگیا، قریبی ہسپتال میں کرائے گئے ایکسرے میں تشخیص ہوئی ہے کہ بابراعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا ہے۔
بابراعظم کم از کم 12 روز تک نیٹ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابراعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا ۔
انجری کے سبب بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچز 18، 20 اور 22 دسمبر کو کھیلے جانے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان شاہینز کے اوپنر امام الحق نیوزی لینڈ اے کے خلاف واحد چار روزہ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ امام الحق اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر گیند لگنے کی وجہ سے میچ سے آؤٹ ہوئے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے اوپنر کو کوئنز ٹاؤن میں جاری دو روزہ انٹرا اسکواڈ میچ میں بیٹنگ سے قبل نیٹ سیشن میں گیند لگی، جس کے بعد انہیں ایکسرے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے۔
امام الحق انجری کے باعث 17دسمبر سےنیوزی لینڈ اے کے خلاف وانگرائے میں شروع ہونے والے واحد چار روزہ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
امام الحق کم از کم 12 روز تک بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکتے تاہم وہ اس دوران اپنی فزیکل ٹریننگ جاری رکھیں گے۔ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل امام الحق کی انجری کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا ۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ مونگنوئی میں شروع ہوگا۔
آلراؤنڈر شاداب خان بھی اپنی ٹانگ میں کھیچاؤ محسوس کررہے ہیں، لہٰذا انہوں نے اتوار کو نیٹ میں باؤلنگ پریکٹس کی بجائے ہلکی بیٹنگ پریکٹس اور فزیکل ٹریننگ کی ہے۔