قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ سندھ فاتح قرار

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)قائد اعظم ٹرافی سیکنڈ الیون21 -2020 ٹورنامنٹ سندھ کی ٹیم نے جیت لیا،سندھ نے پوائنٹس ٹیبل پر 48 پوائنٹس حاصل کیے اور پہلی پوزیشن حاصل کی ،پوائنٹس کی بنیاد پر سندھ کو فاتح قرار دیا گیا۔سندھ نے ٹورنامنٹ میں 5 میچ جیتے ایک میچ میں شکست کا سامنا ہوا اور چار میچز بے نتیجہ رہے۔خیبر پختونخواہ کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی ،خیبر پختونخواہ کی ٹیم نے 45 پوائنٹس حاصل کیے،خیبر پختونخواہ کی ٹیم نے دس میچز میں سے 5 میچ جیتے 2 میچز میں شکست ہوئی اور تین میچزڈرا ہوئے۔سنٹرل پنجاب نے 31 پوائنٹس لے کر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی،سنٹرل پنجاب نے تین میچ جیتےتین ہی ہارے اور چار میچزمیں کوئی نتیجہ سامنے نہ آیا۔سدرن پنجاب نے 27پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی ،سدرن پنجاب دو میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی تین میچز میں شکست ہوئی جبکہ پانچ میچ ڈرا ہوئے،ناردرن نے 21 پوائنٹس حاصل کیے ناردرن کی ٹیم کو پانچ میچز میں شکست کا سامنا ہوا،تین میچز ڈرا رہے جبکہ ناردرن دو میچ جیتنے میں کامیاب رہی یوں ناردرن ٹورنامنٹ میں 5ویں نمبر پر رہی۔بلوچستان کی ٹیم 16 پوائنٹس حاصل کر سکی،بلوچستان کی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ چار میچ میں شکست ہوئی اور پانچ میچز کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم میں سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کےفیصلہ کے بغیر ختم ہو گیا ۔ میچ کے آخری روز بلوچستان کو میچ جیتنے کے لئے 291 درکار تھے بلوچستان نے 33 اوورز کے کھیل میں دو وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنائے ۔ علی رفیق 12 اور عبدالواحد 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اویس ضیا ء 52 اور عبدالرحمان مزمل 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ محمد اصغر اور عامر علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل سندھ نے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے تھے ۔ سندھ نے تیسرے روز کھیل کا آغاز دو کھلاڑی آؤٹ 48 رنز سے کیا تھا۔ سندھ کی جانب سے سید محمد تہامی نے 76 اور عماد عالم نے 46 رنز بنائے۔ رمیز عزیز54 اور سیف اللہ بنگش 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ بلوچستان کی جانب سے زین اللہ نے تین وکٹیں لیں ۔ سندھ نے پہلی اننگز میں 279 اور بلوچستان نے پہلی اننگز میں 211 رنز بنائے۔

‏ٹی ایم سی گراونڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں خیبر پختونخواہ نے ناردرن کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ میچ کے آخری روز خیبرپختونخواہ کو میچ جیتنے کے لیے 191 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 8 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ خیبر پختونخواہ نے دوسری اننگز میں 193 رنز بنائے ۔ خیبر پختونخواہ کی جانب سے زوہیب خان 84 گیندوں پر 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین محمد عمران تھے جنہوں نے 7 رنز بنائے ۔ محمد حارث 35 اور صاحبزادہ فرحان 24 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ناردرن کی جانب سے مبصر خان نے 3 وکٹیں لیں ۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل ناردرن کی ٹیم 281 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ ناردرن نے تیسرے روز 8 کھلاڑی آؤٹ 279 رنز سے کھیل کا آٖغاز کیا تھا ۔ عامر جمال گزشتہ روز کے اسکور 135 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ آصف آفریدی نے دوسری اننگز میں 6 اور میچ میں 11 وکٹیں حاصل کیں ۔ محمد عمران نے تین شکار کیے ۔ ناردرن نے پہلی اننگز میں 173 اور خیبر پختونخواہ نے پہلی اننگز میں 264 رنز بنا ئے تھے ۔

‏نیشنل بنک آف پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ہار جیت کا فیصلہ ہوئے بغیر ختم ہو گیا ۔ میچ کے آخری روز سدرن پنجاب کو میچ جیتنے کے لیے 236 رنز کا ٹارگٹ ملا تھا لیکن سدرن پنجاب کی ٹیم 49 اوورز کے کھیل میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنا سکی ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے احمر اشفاق 32 اور محمد عرفان 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ انس مصطفے نے 56 اور وقار حسین نے 51 رنز بنائے ۔ سنٹرل پنجاب کی جانب سے محمد علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے 171 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر تیسرے روز دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تھا، سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 311 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔ محمد عرفان خان 61، فہد منیر 54 ، عمران ڈوگر 56 اور رضوان حسین 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے محمد عرفان نے 108 اور علی عثمان نے 93 رنز دے کر پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں ۔ سنٹرل پنجاب نے پہلی اننگز میں 202 اور سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے ۔

تعارف: newseditor