خیبر پختونخواہ میں خاور شاہ بیس بال اکیڈمی اور بیس بال گراؤنڈ کا افتتاح

جمرود(سپورٹس لنک رپورٹ)خیبر پختونخواہ کی مٹی کھیلوں کے لئے بہت زرخیز ہے۔ صوبے سے تقریباً 50 بیس بال کے کھلاڑی انٹر نیشنل سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ جس میں سے 25 کھلاڑیوں کا تعلق جمرود ڈسٹرکٹ خیبر سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے جمرود ڈسٹرکٹ خیبر میں خاور شاہ بیس بال اکیڈمی اور گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔


جمرود میں خاور شاہ بیس بال اکیڈمی کے افتتاح کے بعد جمرود پریس کلب میں ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ میں آتے ہوئے خوشی ہوتی ہے کیونکہ یہاں پر ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔ صرف ڈھائی سالوں میں ہم نے جمرود کے علاقے سے تقریباً 25کھلاڑیوں کو سلیکٹ کرکے انٹرنیشنل سطح پر کھلایا جنہوں نے دنیا میں پاکستان کانام روشن کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابقہ فاٹا بیس بال ایسوسی ایشن کے خزانچی کپتان آفریدی اور گل جان آفریدی بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ محمد حمود لکھوی نائب صدر، طاہر محمود خزانچی، سید امائد کاظمی ڈائریکٹر یوتھ بیس بال ڈیویلپ منٹ پاکستان فیڈریشن بیس بال، طاہر حسین سیکرٹری جنرل،روح اللہ سینئر نائب صدر، شاہ رخ ممبر گلگت بلتستان بیس بال ایسوسی ایشن، نسبت علی، اور آفتا ب احمد موجودتھے۔


سید فخر شاہ کے مطابق جمرود میں بیس بال اکیڈمی کے قیام کا مقصد ضلع خیبر میں کمیونٹی کو سپورٹ دینا اور یہ بتانا ہے کہ فیڈریشن ان کے ساتھ کھڑی ہے تاکہ ضلع کے ٹیلنٹ کو آگے لایا جائے اور کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو۔ مزید یہ کہ صوبے میں بیس بال کی ڈیویلپ منٹ کی وجہ سے پاکستان کا دنیا بھر میں ایک سوفٹ امیچ جائے گااور جیساکہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے تو اس سے صوبے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔


سید فخر علی شاہ نے بتایا کہ کرونا وبا کی وجہ سے 2020 میں منعقد کئے جانے والے کئی انٹرنیشنل مقابلے ملتوی کردئیے گئے ہیں جوکہ اب 2021 میں کھیلے جائیں گے۔ جبکہ U-18اور U-12ایشین بیس بال چیمپئن شپس میں شرکت کے لئے کھلاڑیوں کو ایک سال کی رعایت بھی دے دی گئی ہے۔پاکستان اس وقت ورلڈ میں 27ویں اور ایشیا میں پانچویں نمبر پر ہے۔ ان ایونٹس میں شرکت کرنے سے پاکستان کی رینکنگ مزید بہتر ہوگی۔ بیس بال اکیڈمی کے قیام سے کھلاڑی اپنی باقاعدہ ٹریننگ جاری رکھیں گے اور ہمیں انٹرنیشنل ایونٹس کے لئے تیار کھلاڑی مل جائیں گے۔ کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے فیڈریشن نے اکیڈمی کو بیس بال کا سامان بھی مہیا کردیا ہے۔
سید فخر شاہ نے مزید گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خیبر پختونخواہ کے لوگ بیس بال کھیلنے کا شوق رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس علاقے میں بیس بال کا کھیل بہت زیادہ ترقی کررہا ہے۔ لیکن جب تک کارپوریٹ اور پرائیویٹ سیکٹر ملک میں کھیلوں کی سپورٹ کے لئے آگے نہیں آئے گاتب تک کھیل ترقی نہیں کریں گے۔

تعارف: newseditor