کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کے دسویں اور آخری راؤنڈ کے تین میچز تین وینویز پر شروع ہو چکے ہیں ۔ خیبر پختونخواہ کی ٹیم فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ سدرن پنجاب ، سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں ۔
نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے میچ میں خیبر پختونخواہ نے ناردرن کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 380 رنز بنا لیے ہیں ۔ اسرار اللہ اور ریحان آفریدی نے سنچریاں اسکور کیں ۔ دونوں بیٹسمینوں نے 127 ، 127 رنز بنائے ۔ اسرار اللہ نے 142 گیندوں کا سامنا کیا 17 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ جبکہ ریحان آفریدی نے 167 گیندوں کا سامنا کیا ان کی اننگز میں 17 چوکے اور تین چھکے شامل تھے ۔ صاحبزادہ فرحان 62 اورعادل امین 8 رنز پر آؤٹ ہوئے ۔ کامران غلام 53 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔ ناردرن کی جانب سے صدف حسین ، وقاص احمد ، محمد نواز اور مبصر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اسٹیٹ بینک گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کے خلاف پہلے روز کھیل کے اختتام پر عثمان صلاح الدین کی شاندار ناقابل شکست اننگز کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنا لیے ہیں ۔ عثمان صلاح الدین نے 139 رنز 268 گیندوں پر 20 چوکوں کی مدد سے بنائے ان کے ساتھ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین قاسم اکرم ہیں جنہوں نے 12 رنز بنائے ہیں ۔ محمد اخلاق صفر ، علی زریاب 78 محمد سعد 1 اور سعد نسیم 72 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے ۔ سدرن پنجاب کی جانب سے زاہد محمود نے دو سلمان علی آغا اور عامر یامین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں جاری میچ میں بلوچستان نے ٹاس جیت کر سندھ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنا لیے ہیں ۔ اکبر الرحمان 125 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں انہوں نے اب تک 204 گیندیں کھیلی ہیں جبکہ 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا ہے۔ دوسرے ناٹ آؤٹ بیٹسمین کاشف بھٹی ہیں جنہوں نے 5 رنز بنائے ہیں ۔ علی رفیق 16 ، عمران فرحت 42، علی وقاص9 ایاز تصور 72 اور بسمہ اللہ خان نے 42 رنز بنائے ہیں ۔ سندھ کی جانب سے تابش خان نے دو شاہنواز دھانی ، ابرار احمد اور محمد اصغر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔