قیدِ تنہائی ختم، کرکٹرز پریکٹس میں سرگرم ہوگئے

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)قیدِ تنہائی ختم ہونے کے بعد کرکٹرز پریکٹس میں سرگرم ہوگئے جب کہ حتمی شیڈول جاری کیے جانے پر جوش و خروش میں اضافہ ہوگیا۔پی ایس ایل 6کے ابوظبی میں باقی میچز کیلیے لاہور اور کراچی سے روانہ ہونے والے 2 چارٹرڈ طیاروں میں پہنچنے والے کرکٹرز، معاون اسٹاف ارکان اور پی سی بی آفیشلز کا قرنطینہ مکمل ہوگیا۔


آخری کورونا ٹیسٹ بھی منفی آنے پر بائیوببل میں موجود کرکٹرز کو ٹریننگ کی آزادی مل گئی ہے، بدھ کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر زکی ٹیموں نے شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں پریکٹس سیشنز کیے تھے۔


ایونٹ میں شریک دیگر 5ٹیموں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز، اسلام آباد یونائیٹڈ، پشاور زلمی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز نے بھی گذشتہ روز مشقوں کا آغاز کردیا، قید تنہائی ختم ہونے پر کھلاڑی پریکٹس میں سرگرم ہوگئے ہیں۔ پی ایس ایل کا حتمی شیڈول سامنے آنے اور غیر یقینی صورتحال ختم ہونے پر بھی ان کے جوش و خروش میں اضافہ ہوگیا۔


پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں، فرنچائزز اورکمرشل پارٹنرز کی سہولت کے پیش نظر پی ایس ایل کا شیڈول قابل عمل بنانے کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے اسکواڈ کو 23کے بجائے 25 جون کو بھیجنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف یو اے ای سے مانچسٹر روانہ ہوں گے،وہاں سے ڈربی پہنچ کر قرنطینہ اور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے، قومی اسکواڈ 6 جولائی کو ڈربی سے کارڈف پہنچے گا،جہاں پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 8 جولائی کوکھیلا جائے گا

error: Content is protected !!