ٹورنامنٹ میں وقفے کی وجہ سے کچھ کھلاڑیوں سے محروم ہونا پڑا، سرفراز احمد


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے لیے پہلا ہدف پلے آف میں آنا اور پھر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا اورٹرافی اٹھانا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں اچھا اسٹارٹ کرنے کی کوشش کریں گے، اب اس ٹورنامنٹ کو سنگل لیگ کا سمجھ کر باقی پانچوں میچز جیتنا ہیں ۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کوشش یہی ہوگی کہ بہتر اسٹارٹ کریں، مانا کہ پچھلے 5میچز کا رزلٹ اچھا نہیں تھا، حالانکہ ٹیم نے کرکٹ بری نہیں کھیلی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں فیلڈنگ اچھی نہیں تھی، کوشش کریں گے کہ وہ غلطیاں ابوظبی میں نہ کریں جو کراچی میں کی تھی اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے 5 میچز میں اچھا کھیل پیش کریں۔

گلیڈی ایٹرز کے کپتان کے مطابق ٹورنامنٹ میں وقفہ کی وجہ سے کچھ پلیئرز سے محروم ہونا پڑا، ہر ٹیم کےساتھ یہ مسئلہ ہوا ہےکہ ان کے اہم پلیئر اس وقت دستیاب نہیں،کوشش کریں گے کہ بہترین پلینگ الیون بنائیں اور اچھا رزلٹ دیں۔

جب سرفراز احمد سے پوچھا گیا کہ ٹورنامنٹ میں ان کے ذاتی اہداف کیا ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ "کوشش کروں گا کہ اپنی بیٹنگ فارم کو برقرار رکھوں، ذاتی اہداف یہی ہیں کہ اپنی ٹیم کے لیے بطور کھلاڑی اور بطور کپتان اچھی پرفارمنس دوں، خواہش یہی ہے کہ اپنی ٹیم کو یہاں سے ٹورنامنٹ جتواؤں۔ ابھی قرنطینہ میں ہوں، خواہش ہے کہ جلد از جلد باہر نکلوں اور کرکٹ میدان میں واپس آؤں اور اپنی ٹیم کے لیے اچھا کھیل پیش کروں۔”

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یو اے ای میں کھیلنے کا تجربہ ضرور ہے لیکن 2سال سے وہاں نہیں کھیلے، پی ایس ایل کے اکثر میچز دبئی اور شارجہ میں ہوتے تھے، ابوظبی کی کنڈیشن مختلف ہوگی کیوں کہ گراؤنڈ کھلا ہے اور ہوا چلتی رہتی ہے، ضروری ہے کہ بطور ٹیم اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

error: Content is protected !!