شعیب اختر کی تنقید پر عاقب جاوید کا کرارا جواب

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سابق فاسٹ بولر اور لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شعیب اختر اپنی ہی باتوں کی نفی کر رہے ہیں، آج کل وہ کرکٹ ایکسپرٹ ہیں اور جب سے انہوں نے کرکٹ چھوڑی ہے وہ 10، 11 برس سے یہی کام کر رہے ہیں۔

لاہور قلندرز کے پی ایس ایل 6 کے پلے آف سے باہر ہونے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے عاقب جاوید کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

اب عاقب جاوید نے کہا ہے کہ میڈیا میں بیٹھ کر جو کام شعیب اختر کرتے ہیں اس میں تنقید کرنا ہی ہوتا ہے لیکن خود سے یہ کہنا کہ عاقب جاوید کی جگہ میں ہوتا تو دو ٹائٹلز جتوا دیتا، میں تو انہیں یہ کہوں گا کہ پہلے آپ کو اپنے کام میں بہتر ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں 20 سال سے کوچنگ کر رہا ہوں، میں نے ہر لیول پر کوچنگ کی ہے، میں نے انڈر 15 سے لے کر قومی ٹیم تک کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں ہیں، میں ایک پروفیشنل کوچ ہوں جس نے لیول فور کورس کیا ہوا ہے جو کہ کرکٹ میں سب سے بڑا ہے، میں نے کوچ ایجوکیشن کی ہے اور میرا عملی تجربہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تو کبھی ہارا تو کبھی جیتا یہ میرا پروفیشن ہے اسے میں عزت دیتا ہوں، شعیب اختر نے تو ایک دن کوئی کوچنگ نہیں کی، پھر کوئی کیسے یہ دعویٰ کر سکتا ہے کہ میں ہوتا تو یہ کرتا، میں ہوتا تو دو ٹائٹلز جتوا دیتا۔

ہیڈ کوچ لاہور قلندرز نے کہا کہ بات کرنے سے پہلے یہ تو دیکھ لو کہ کیا آپ گیری کرسٹن اور اسٹیفن فلیمنگ تو ہو نہیں جنہوں نے پوری دنیا میں کام کیا ہے، قومی ٹیموں کے ساتھ کام کیا ہے، فرنچائزز کے ساتھ منسلک رہے ہیں اور خود کو ثابت کیا ہے، ایک بندے نے تو کبھی ان جیسا کام ہی نہیں کیا اس لیے میں کہوں گا کہ وہ سیلف آئیڈل ازم میں زندگی گزار رہے ہیں۔

تعارف: newseditor