لاہور( سپورٹس رپورٹر)یوم دفاع انٹر سکول جونیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ براق ہائی سکول نے جیت لی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل تائکوانڈو کلب نے6 ستمبر 1965ءکی جنگ میں جام شہادت نوش اور دفاع وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواج پاکستان کے آفیسرز اور جوانوںکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم دفاع کے موقع پر جونیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ منعقد کی ۔یوم دفاع جونیئر تائیکوانڈو چمپئن شپ کا افتتاح براق ہائی سکول کے پرنسپل ذیشان علی نے کیا۔واجد حسین، برہان اورحمزہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی ،کامل ،ایان ، حسن علی اور بلال نے دوسری پوزیشن جبکہ متین نیئر اور علی حیدر نے تیسر پوزیشن حاصل کی ۔
چمپئن شپ کے اختتام پربراق ہائی سکول کے وائس پرنسپل میاں شرافت علی اورنیشنل تائیکوانڈو کلب کے چیف خاور محمودبلیک بیلٹ 4Th ڈان (ڈبلیوٹی ایف،کوریا ) نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی میاں شرافت علی کا کہنا تھا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے، یوم دفاع پاکستان افواج پاکستان اور ہمارے غیور عوام کے مثالی حوصلے، قربانی اور اتحاد کی علامت ہے افواج پاکستان کے آفیسرز اور جوانوں نے اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کرکے ثابت کر دیا ہے کہ پاک فوج پاکستان کے تحفظ کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور خفیہ ایجنسیوں نے عوام کی بھرپور تائید و حمایت سے اندرونی و بیرونی محاذوں پر دشمن کے عزائم کو شکست دی ہے، افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔