سکیورٹی خدشات، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ختم

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان اور بلیک کیپس کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل (ون ڈے) کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ‘سیکیورٹی خدشات’ کے باعث ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لیے یکطرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے’.

بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان کرکٹ بورڈ اور حکومت پاکستان نے مہمان ٹیم کی سیکورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کررکھے تھے. ہم نے نیوزی کرکٹ بورڈ کو بھی یہی یقین دہانی کرائی تھی اور وزیر اعظم نے ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کو رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ ہماری سیکورٹی انٹیلیجنس دنیا کی ایک بہترین ایجنسی ہے اور مہمان ٹیم کو کوئی سیکورٹی کا خطرہ نہیں ہے’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘نیوزی لینڈ ٹیم کے آفیشلز نے حکومت پاکستان کی سیکورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا’۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ نے تصدیق کی کہ بلیک کیپس نے نیوزی لینڈ حکومت کی جانب سے جاری سیکیورٹی الرٹ کے بعد اپنا دورہ پاکستان ترک کر رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان میں نیوزی لینڈ کی حکومت کو موصول سیکیورٹی خدشات میں اضافے اور نیوزی لینڈ کے سیکورٹی ایڈوائزرز کے مشورے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بلیک کیپس دورے کو جاری نہیں رکھیں گے’۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا کہ جو تجاویز ہمیں موصول ہوئیں اس کو مدنظر رکھتے ہوئے اس دورے کو جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میں سمجھتا ہوں کہ یہ پی سی بی کے لیے ایک دھچکا ہوگا جو شاندار میزبان رہے ہیں تاہم کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ واحد ذمہ دار آپشن ہے’۔

نیوزی لینڈ کرکٹ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو ہیتھ ملز نے بھی ڈیوڈ وائٹ کے بیان کی تائید کی۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہم اس سارے عمل میں شامل رہے ہیں اور اس فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ’کھلاڑی محفوظ ہاتھوں میں ہیں اور ہر کوئی اپنے بہترین مفاد میں کام کر رہا ہے’۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘ہم سیکورٹی خطرے کی تفصیلات پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے اور نہ ہی واپس آنے والے اسکواڈ کے تازہ ترین انتظامات پر کوئی رائے دیں گے’۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 سال بعد تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کے لیے 11 ستمبر کو پاکستان آئی تھی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلی جانی تھی، میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو شیڈول تھے۔

اس کے علاوہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ نے 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک شیڈول پانچ ٹی 20 میچز بھی کھیلنے تھے۔

error: Content is protected !!