کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کے دوسرے راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل

ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں جاری میچ میں سینٹرل پنجاب نے 238 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ اس کی پانچ وکٹیں ابھی باقی ہیں. 176 رنز کی برتری سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز بنالیے ہیں. محمد عرفان خان اسد محمد عرفان میچ کے تیسرے روز کھیل کا دوبارہ آغاز کریں گے. اس سے قبل سینٹرل پنجاب کے 340 رنز کے جواب میں خیبر پختون خواہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 164 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی. اعتزاز حبیب خان 63 رنز بنا کر نمایاں رہے. محمد عرفان جونیئر نے 54 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں.

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے دوسرے روز بلوچستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنر عظیم گھمن ایک اور علی وقاص صفر کے انفرادی اسکور سے میچ کے آخری روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل بلوچستان کے 277 رنز کے جواب میں ناردرن نے اپنی پہلی اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز پر ڈکلیئر کردی. کپتان عمر وحید نے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی. مبصر خان 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. محمد جاوید نے دو وکٹیں حاصل کیں.

اُدھر رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں جاری میچ کے دوسرے روز سندھ کے 374 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے ہیں. معین الدین نے 119 اور یوسف بابر نے 118 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں. دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 200 رنز کی شراکت قائم کی. جہانزیب سلطان، محمد شاہد، امتیاز لغاری اور غلام مدثر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.

error: Content is protected !!