کراچی ( اسپورٹس رپورٹر )کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کا اغاز ہوگیا، افتتاحی میچ میں کراچی یوتھ بلو نے کراچی یوتھ اورنج کو 1-2 سے شکست دیدی، وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے ہٹ لگا کر چیمپیئن شپ کا افتتاح کیا،تفصیلات کے مطابق کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں کے ایچ اے انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ کا افتتاح برقی قمقموں کی روشنی میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ نے گیند کو ہٹ لگا کر کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر ترقی نسواں و پی ایچ ایف ویمنز ونگ سندھ کی جنرل منیجر سیدہ شہلا رضا، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سابق کپتان اولمپیئن ناصر علی، پی ایچ ایف کے کوآرڈینیٹر و کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین، کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل ریٹائرڈ طارق حلیم سوری، صدر کے ایچ اے ڈاکٹر جنید علی شاہ، چیئرمین گلفراز احمد خان، ہاکی کمنٹریٹر ریاض الدین صدیقی, بھی موجود تھے۔
چیمپین شپ کا افتتاحی میچ کراچی یوتھ بلوز کلب اور کراچی یوتھ اورنج کلب کے درمیان کھیلا گیا، کھیل کے اغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا تاہم کراچی یوتھ بلوز نے مخالف کے کمزور دفاع کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے پہلے ہاف کے اختتام پر حارث نصیر اور حماد ایاز کے فیلڈ گول کی مدد سے 0-2 صفر کی برتری حاصل کرلی، کھیل کے اختتام تک کراچی یوتھ اورنج نے کھیل میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کی، اس دوران اس کے فاروڈ ملنے والے مواقعوں سے فائدہ نہیں اٹھا سکے تاہم آخری لمحات میں ملنے والے شارٹ کارنر سے فائیدہ اٹھاتے ہوئے ارسلان حیدر نے گیند کو جال میں پھنک کر برتری 1-2 ایک کردی۔۔۔۔۔۔