چیف آف دی ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش مقابلے اختتام پذیر

پاکستان سکواش فیڈریشن نے مصحف سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں مردوں کے چیف آف دی ائیر سٹا ف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ اور خواتین کے انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹس 11 تا 15 اکتوبر 2021 منعقد کروائے۔ پاکستان سمیت دنیا کے 11 مختلف ممالک آسٹریا، جمہوریہ چیک، مصر، انگلینڈ، فرانس، ہانگ کانگ، روس، سربیا، سپین اور سوئٹزرلینڈ کے 22 کھلاڑی اس ایونٹ کے مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں شریک ہوئے۔مردوں اور عورتوں کے ایونٹس کے کے فائنلز کے موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، جو پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

انہوں نے فائنل کھیلنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔خواتین کا فائنل عالمی نمبر 69 فرانس کی میری اسٹیفن اور مصر کی عالمی نمبر 81 سلمیٰ الطیب کے درمیان کھیلا گیا جس میں سلمیٰ الطیب نے مدِمقابل کھلاڑی کو 18 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں 11-6,12-10,11-04 کے گیم سکور کے ساتھ شکست دی جبکہ مردوں کا فائنل عالمی نمبر 59 فرانس کے آگسٹ ڈسورڈ اور عالمی نمبر 67 مصر کے مصطفیٰ ال سرٹی کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصطفیٰٰ ال سرٹی نے مدِمقابل کھلاڑی کو 47 منٹ جاری رہنے والے مقابلے میں 09-11, 11-07, 11-06, 12-10 کے گیم سکور کے ساتھ شکست دیکر چیمپئن شپ کا فائنل جیت لیا۔

ان ایونٹس کی کامیاب میزبانی کے ساتھ توقع ہے کہ دنیا بھر سے بڑی تعداد میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شرکت کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر کرے گی اور مستقبل میں پاکستان کو زیادہ انعامی رقم کے بین الاقوامی ٹورنامنٹس ملنے میں مدد حاصل ہو گی۔

error: Content is protected !!