خیبر پختونخواچک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام خوبصورت وسیاحتی علاقہ مانسہرہ میں کھیلی جانیوالی پہلی بین الصوبائی وویمن چک بال چمپئن شپ بڑے دھوم دھام سے اختتام پذیر ہوگئی،فائنل میچ میں پنجاب نے آزادکشمیر کی ٹیم کو چھ سکور سے شکست دیکر چمپئن ٹرافی اپنے نام کرلی،کشمیر نے دوسری ،بلوچستان نے تیسری اور خیبر پختونخوانے چوتھی پوزیشن حاصل کرلی،اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر مانسہرہ قاسم خان نے نمایاں پوزیشن لینے والی ٹیموں کی کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے اور ٹرافیاں دیں۔اسموقع پر خیبر پختونخواچک بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی محمد اقبال خان ،چیئرمین وجیہہ اللہ ،سیکرٹری عبدالرشید انور،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر احمد زمان ،پاکستان چک بال فیڈریشن کے سیکرٹری عمانوئیل اسد ،کے پی ٹیم کو چ محمد عاصم،نجمہ ناز قاضی،مس سعدیہ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔صوبائی چک بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈی ایس اومانسہرہ کے تعاون سے پاکستان چک بال فیڈریشن کی نگرانی ٹھاکرہ سٹیڈیم میں منعقدہ بین الصوبائی وویمن چک بال چمپئن شپ میں خیبر پختونخوا،پنجاب،بلوچستان،سندھ،گلگت بلتستان،آزادکشمیرکی خواتین ٹیموںنے بھر پورحصہ لیااور اپنی صلاحیتوں کا کھل کر مظاہرہ کیاجسکے باعث چمپئن شپ کاآغازاوراختتام پرجوش اندازمیں ہوا۔گزشتہ روزکھیلے جانیوالے فائنل میچ میں پنجاب نے آزادکشمیر کی ٹیم کو 29کے مقابلے میں35سکور سے شکست دیکر فائنل ٹرافی اپنے نام کرلی
جبکہ تیسری پوزیشن کیلئے منعقدہ میچ میں بلوچستان نے خیبر پختونخوااے ٹیم کو31کے مقابلے میں 40سکور سے ہرایا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر مانسہرہ قاسم خان نے نمایاں پوزیشن لینے والی کھلاڑیوںکو میڈلز پہنائے اور ٹرافیاں دیں،جبکہ آفیشلزکویادگاری شیلڈزبھی دیئے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قاسم خان نے کہاکہ یہی نوجوان اس ملک کا بہتر مستقبل ہیں، انہوںنے ہی اس ملک کیلئے بھاگ دوڑ کرناہے یہی وجہ ہے کہ کھیلوں کے ذریعے انہیںذہنی وجسمانی طور پر فٹ رکھناہے، انہوںنے کھلاڑی دیارغیر میں پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں انشاء اللہ یہی کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لیکر اپنی شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے اپنا اور ملک کا نام روشن کریںگی ۔انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ اس سیاحتی ضلع مانسہرہ میں چک بال کے علاوہ دوسرے کھیلوںکے مقابلے بھی منعقد کرائینگے،ا س موقع پر صوبائی چک بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین وجیہہ اللہ،صدر حاجی محمد اقبال اور سیکرٹری عبدالرشید انور نے چک بال فیڈریشن کے سیکرٹری عمانوئیل اسد اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مانسہرہ احمد زمان کا شکرہ اداکیاکہ انہوںنے ان مقابلوں کے انعقاد میں بھر پور تعاون ورہنمائی کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس چمپئن شپ میںخیبر پختونخواکی کھلاڑیوں نے بہتر کھیل پیش کیااورزیادہ تر کھلاڑی سری لنکامیںمنعقدہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کیلئے اگلے ماہ اسلام آباد میں منعقدہ تربیتی میں حصہ لیںگے۔