13ویں پاکستان پریمئر لیگ،دفاعی چمپئن کے آر ایل کی ایونٹ میں پہلی شکست‘ سدرن گیس کی3-0سے کامیابی

رپورٹ٭ ریاض احمد

            پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام 13ویں پاکستان پریمئر لیگ کے دوسرے مرحلہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے دفاعی چمپئن کے آر ایل کیخلاف 3-0کی فتح حاصل کی جو گذشتہ 8میچوں سے ناقابل شکست تھی۔میونسپل اسٹیڈیم، راوالپنڈی کی سرسبز فیلڈ اور فلڈ لٹ میں جاری ایونٹ میں کے آر ایل کی ٹیم مکمل طور پر بے بس نظر آئی۔ بحیثیت اسسٹنٹ کوچ دو بار پاکستان کیلئے سیف گیمز گولڈ میڈل حاصل کرنے والے سدرن گیس کے ہیڈ کوچ طارق لطفی کی ٹیم نے ابتدا ہی سے دفاعی چمپئن کو مشکلات سے دوچار کیے رکھا۔17ویں منٹ میں انٹرنیشنل سعد اللہ نے سدرن گیس کیلئے پہلا گول اسکور کیا اور 32ویں منٹ میں مزید ایک گول محمد طاہر نے کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو ڈبل کردیا۔وقفہ پر کے آر ایل کو 0-2کے خسارے کا سامنا تھا۔

دوسرے دورانیہ میں بھی کے آر ایل کی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔51ویں منٹ میں سدرن گیس کو فیفا ریفری دلاور خان نے ایک پنالٹی ککایوارڈ کی لیکن اسے کارامد نہ بنایا جاسکا۔تاہم 55ویں منٹ میں سعد اللہ نے گیندکو جال تک پہنچانے میں کوئی غلطی نہ کی اور انفردی دوسرا اور مجموعی طور پر ٹیم کا تیسرا گول اسکور کرکے سدرن گیس کو فتح سے ہمکنار کردیا۔اسی گراؤنڈ پر فلڈ لٹ میں کھیلے گئے دوسرے مقابلے میں پاکستان واپڈا اور پاکستان آرمی کی ٹیمیں 1-1کی برابری کے سا تھ میدان سے باہر آئیں۔آرمی کو 13ویں منٹ میں متین طارق کے زریعہ پہلے برتری  جوحاصل ہوئی جو 78ویں منٹ تک برقرار رہی تاہم 79ویں منٹ میں اشفاق الدین بابر نے خوبصورت گول کے زریعہ پاکستان واپڈا کو خسارے سے نکال کر1-1سے ہم پلہ بنا دیا۔

دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ تقسیم کرنے میں کامیاب رہیں۔فیفا ریفری عدنان انجم نے میچ کو سپروائز کیا۔46میچز کے مکمل ہونے کے بعد پاکستان واپڈا 8میچوں میں 19پوائنٹس کے ہمراہ سرفہرست، کے آر ایل9میچوں میں 16پوائنٹس بنا کر تیسری، سدرن گیس 8میچوں میں 15پوائنٹس اسکور کرکے چوتھی جبکہ پاکستان آرمی 7میچوں میں 10پوائنٹس کے ساتھ 8ویں پوزیشن پر ہے۔آج (جمعہ) پاکستان نیوی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مابین 3بجے سہہ پہر مقابلہ ہوگا۔

error: Content is protected !!