ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،پاکستان نے تاریخ پلٹ دی، بھارت کو مات دیدی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت  کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ، بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارویں اوور میں باآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار آغاز کیا اور پہلے اوور میں شاہین شاہ نے بھارتی اوپنر روہت شرما کو صفر پر پویلین بھیجا۔ 

کے ایل راہول3 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ بھارت کی تیسری وکٹ 31 رنز پر گری جب حسن علی نے سوریا کمار کو آؤٹ کیا۔

اس کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور وکٹ کیپر رشبھ پنٹ کے درمیان 53 رنز کی شراکت ہوئی تاہم بھارتی ٹیم کا اسکور 84 رنز پر پہنچا تو رشبھ پنٹ 39 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے۔

اس کے علاوہ رویندرا جڈیجا 13 اور ہاردک پانڈیا 11  رنز بناسکے۔

بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی 57 اور رشبھ پنٹ 39 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 ،حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف  نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کے 152 رنز کے ہدف تعاقب میں پاکستانی اوپنرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے بیٹنگ کا آغاز کیا ۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلےاور  152 رنز کی شاندار شراکت قائم کی اور بھارتی بولرز کو وکٹ لینے کا موقع نہ دیا۔

Image

محمد رضوان شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 78 رنز بنائے جبکہ نے بابر اعظم نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلی بار بھارت کو شکست دی ۔

 ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ میچ میں ڈیو فیکٹر اثر انداز ہوگا اس لیے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

تعارف: newseditor