کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں فٹبال کی بہتری کے لیے انگلش فٹبال لیجنڈ مائیکل اوون کا دورہ کرنا پاکستان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، انہوں نے مذید کہا کہ یہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے جو ان کے ذریعے بین الاقوامی مقابلوں میں اپنا مقام بنانے کے لیے ایک ٹھوس پلیٹ فارم حاصل کر سکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے انگلش فٹبال لیجنڈ مائیکل اوون سے گورنر ہاو¿س میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں برطانوی ڈپٹی ہیڈ آف مشن مارٹن ڈاسن، جی ایس وی کے سی ای او زیب خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر گورنر سندھ نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان کے پاس صلاحیت کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ ہنر بھی موجود ہے، اگر ہم اپنے نوجوانوں کو تربیت کے لیے مواقعے فراہم کریں تو وہ یقیناً بین الاقوامی سطح پر اپنا اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کھیلوں کی بحالی وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے لیے (گلوبل سوکر وینچرز) جی ایس وی کی کوششیں بھی قابل تعریف ہیں۔ مائیکل اوون نے گورنر سندھ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے فٹبال ٹرانسفارمیشن پروگرام کی سربراہی میں بہت پرجوش ہوں۔ انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان میں فٹبال کو بالکل نئی سطح پر لے جانے کی ذمہ داری نبھانے پر بھی بہت خوش ہوں۔ ملاقات میں جی ایس وی کے سی ای او زیب خان نے گورنر سندھ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کو ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں اور جو لوگ سخت محنت کرتے ہیں اور بین الاقوامی فٹبال کے معیار پر پورا اترتے ہیں انہیں پیشہ ورانہ فٹبال کھیلنے کا موقع ملنا چاہئیے۔