پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کے کھلاڑی ٹم ڈیوڈ نے پی ایس ایل میں فاسٹ بولرز کی تیز گیندوں کو چیلنج قرار دیا ہے۔جارحانہ بیٹنگ کے لئے مشہور ٹم ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ مجھے گزشتہ ایک برس میں بہت سی لیگز کھیلنے کا موقع ملا ہے، ہر مقابلے کے اپنے چیلنجز ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ پی ایس ایل کا معیار بہت بلند ہے، پی ایس ایل میں بہت اچھے فاسٹ بولرز ہیں، ان کی سپیڈ زیادہ ہے۔ٹم ڈیوڈ نے کہا کہ پی ایس ایل 7 کے ایڈیشن میں اب تک میں لطف اندوز ہو رہا ہوں، گرائونڈ میں اس مرتبہ کچھ اچھی پرفارمنسز بھی رہی ہیں، اور ساتھ میں ٹیم بھی اچھا کھیل رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جیسن رائے بھی پی ایس ایل میں غیر معمولی اننگز کھیل رہے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، ان سے سیکھنے کی کوشش کر رہا ہوں، مجھے ان سے کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کا علم ہو رہا ہے، ان کی موجودگی میں کھیلنا اچھا لگ رہا ہے۔ٹم ڈیوڈ نے کہا کہ میں نے پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کی جانب سے پی ایس ایل میں شرکت کی تھی
آپ ہمیشہ ایک ٹیم کی طرف سے کھیلنا چاہتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہوا، میں اب ملتان سلطانز کا حصہ ہوں اور خوب انجوائے کر رہا ہوں، ملتان سلطانز ایک اچھی فرنچائز ہے، جہاں مجھے خوش آمدید کہا گیا ہے۔خیال رہے کہ ٹم ڈیوڈ نے گزشتہ برس پی ایس ایل پہلی مرتبہ لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلا تھا اور خوب شہرت حاصل کی تھی۔