محکمہ سیاحت و کھیل خیبرپختونخوا کے زیرانتظام کے پی کلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی، خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے باہمی اشتراک سے منعقد ہونے والی پہلی ٹوور ڈی خیبرنیشنل سائیکل ریس وادی تیراہ میں دواطوئے کے مقام پر کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی تقریب کے موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹورازم ضم اضلاع اشتیاق خان اور لیفٹیننٹ تیراہ رائیفل خرم رشید مہمانان خصوصی تھے۔ ان کے ہمراہ آرگنائزنگ سیکرٹری و صدر خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن گنثاراحمد، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سید اظہر علی شاہ، مقامی مشران، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر رائد گل سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔
ڈسٹرکٹ خیبر میں منعقد ہونے والی ٹوور ڈی خیبر نیشنل سائیکل ریس کا دوسرا مرحلہ 27کلومیٹر پر مشتمل تھا جو کہ وادی تیراہ میں دوطوائے کے مقام پر اختتام پذیر ہوا۔ دوسرے مرحلے کے نتائج کے مطابق خیبرپختونخوا گرین کے محسن خان نے مقررہ راستہ ایک گھنٹہ 2 منٹ 19 سیکنڈ کیساتھ عبور کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ خیبرپختونخوا وائٹ کے صادق اللہ نے مقررہ راستہ ایک گھنٹہ 3 منٹ 44سیکنڈ کیساتھ مکمل کرتے ہوئے دوسری جبکہ خیبرپختونخوا گرین کے فرمان خان نے ایک گھنٹہ 3منٹ 50 سیکنڈ کیساتھ عبور کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم پوزیشنز میں خیبرپختونخوا نے پہلی جبکہ بلوچستان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
دومراحل میں منعقد ہونے والی ریس کے چمپئن کا اعزاز خیبرپختونخوا گرین کے یوسف خان کے نام رہا۔ جنہوں نے مکمل 66 کلومیٹر کا راستہ 2گھنٹوں 6منٹ اور22 سیکنڈ کیساتھ مکمل کیا۔ اختتامی تقریب کے موقع پر باغ مرکز وادی تیراہ گرانڈ میں ٹورازم سپورٹس فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں کبڈی، رسہ کشی، آرچری اور میراتھن ریس کے مقابلے منعقد ہوئے۔ جس میں مقامی نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ضم اضلاع ٹورازم اشتیاق خان نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع سیاحوں کیلئے پرکشش ہیں۔ یہاں امن بحال ہوچکا ہے سیاح ان سیاحتی مقامات کا رخ کرسکتے ہیں۔
ضم اضلاع میں سیاحتی و کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کا مقصد بھی یہی ہے کہ دنیا کو پاکستان کا مثبت چہرہ پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل اورکزئی سائیکل ریس، ٹوور ڈی وزیرستان سائیکل ریس کا انعقاد کیا گیا جبکہ اگلے ماہ اورکزئی سیاحتی فیسٹیول کا بھی انعقاد کررہے ہیں جس کا مقصد ان علاقوں کی خوبصورتی دنیا کے سامنے پیش کرنے اور سیاحوں کو اس جانب راغب کرنا ہے۔ آرگنائزنگ سیکرٹری نثاراحمد کا کہنا تھا کہ ٹوور ڈی خیبر نیشنل سائیکل ریس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے سائیکلسٹ شریک ہوئے۔ ان علاقوں میں ملک بھر سے سائیکلسٹ کی شرکت مثبت اقدام ہے۔ اس سے قبل سائیکل ریس کا پہلا مرحلہ باب خیبر سے امیربابا حمزہ خان شنواری چوک لنڈی کوتل تک منعقد ہوا تھا جس کے بعد سائیکلسٹ نے مچنی چیک پوسٹ پاک افغان کا دورہ بھی کیا اور انہیں تاریخی روٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔