کراچی (اسپورٹس رپورٹر )شمسی اکیڈمی کے چیف محترم خالد شمسی نے کہا ہے کہ سندھ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں صرف کھلاڑیوں کو سپورٹ کی ضرورت ہے۔ اگر ان نوجوانوں پر محنت کی جائے تو یہ دنیا میں پاکستان کے سبز حلالی پرچم کو ضروربلند رکھیں گے۔ وہ سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام محکمہ کھیل سندھ کے تعاون سے استاد عبداللہ بلوچ باکسنگ اسٹیڈیم پیپلزاسپورٹس کمپلیکس ماری پور روڈ میں، سندھ کپ جونیئر باکسنگ چیمپئن شپ افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی کھلاڑیوں اور آفیشلز میں تقسیم انعامات کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی باکسنگ کھیل میں جوق در جوق حصہ لینا خوش آئند ہے۔ اور لیاری اس کا مرکز ہے۔امید ہے کہ وہ بھی مردوں کی شانہ بشانہ پاکستان کا نام دنیا میں روشن کریں گی۔
انہوں نے محکمہ کھیل سندھ کی طرف سے اس پروگرام کے انعقاد میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر محمد اصغر بلوچ سینئر نائب صدر عابد حسین بروہی، اسپورٹس آرگنائزر حاجی غلام محمد خان اور میڈیا کوارڈینیٹر کاشف احمد فاروقی کے علاوہ سابق اولمپئن ملنگ بلوچ، انٹر نیشنل باکسردر محمد، محمد امین، نوشاد فتح،عبدالرؤف قریشی و دیگر موجود تھے۔ تین روزہ مقابلوں میں میزبان کراچی کے علاوہ حیدرآباد، میرپور خاص، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ اور سکھر کے 62بوائز اور گرلز باکسرز 16کیٹیگریوں میں حصہ لیا۔اس موقع پر تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب میں بلوچی رقص لیوا اورٹیبلو کا دلچسپ مظاہرہ کیا گیا۔
ریفری ججز کے فرائض فدا حسین، محمد رستم بلوچ، شیر محمد، عظیم جان، نور بادشاہ، صالح محمد، محمد خالد، جمیل خان مراد بخش، عدنان آفریدی، منور، بشارت علی اور عبدالوحید درویش نے انجام دیئے۔ اس سے قبل سیکریٹری سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عبدالرزاق نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی تفصیل بتائی۔افتتاحی روز 19مقابلے ہوئے جن میں بوائز کے 17،گرلز کے 2مقابلے ہوئے۔بوائز کلاس کے نتائج یہ ہیں۔ بوائز انڈر 16کے 46کلو گرام میں اعظم (کراچی) نے کامران(سکھر) کو 3-0سے۔ امتیاز (لاڑکانہ) نے آلیان 2-1سے نوراحمد(میرپورخاص) نے حماد (شہید بینظیر آباد)کو 2-1سے۔ تبریز (سکھر) نے شاہ نور (بدین) کو 2-1سے۔ 48کلو گرام میں شیراز(حیدرآباد) نے ولید (بدین) کو 2-1سے۔ سمیر (لاڑکانہ) نے صداقت (سکھر) کو 2-1سے۔ محمد عرفان(میرپورخاص) نصیر علی (کراچی) کو 2-1سے۔ عذیر (سکھر) نے عمیر (بینظیرآباد)کو 3-0سے 50کلو گرام میں عادل خان (کراچی) نے نجیب (سکھر) کو 2-1سے۔ ریاض (بینظیر آباد) نے حارث (کراچی) کو 3-0سے۔ 52کلو گرام میں جمال (کراچی) نے حمید (لاڑکانہ)کو 3-0سے۔ علی رضا (کراچی)نے غلام مصطفی (میرپورخاص) کو 2-1۔ فراز علی (حیدرآباد) نے قیوم بخش (سکھر)کو 3-0سے ہرادیا۔ 54کلو گرام میں حسنات (سکھر) نے مسرور مری(بینظیر آباد) کو 2-1سے فرحاد (کراچی) نے جان حیدرلاڑکانہ کو 3-0سے۔ عبدالرحیم میرپور خاص نے کلیم حیدرآباد کو 2-1۔57کلو گرام میں اسامہ (کراچی) نے مرتضیٰ (بے نظیر آباد) کو 2-1سے ہرادیا۔گرلز کے دو مقابلوں میں 44کلو گرام میں رواحہ(کراچی ساؤتھ) نے وردا (کراچی ویسٹ) کو 3-0سے۔ 46کلو گرام میں شائلہ (کراچی ویسٹ نے) انیسہ (کراچی ملیر) کو 3-0سے ہرادیا۔