کراچی ٹیسٹ پاکستان کے ہاتھ سے نکلتا ہوا دکھائی دینے لگا، آسٹریلیا کو 489 رنز کی بڑی برتری حاصل ہوگئی۔پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے۔ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 408 رنز کے خسارے کے ساتھ 148 رنز پر آئوٹ ہو گئی۔آسٹریلیا نے پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے اپنی دوسری اننگز شروع کی اور تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بنالیے تھے۔قبل ازیں کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 505 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ سے کیا اور 556 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کردی۔پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ 160، ایلکس کارے 93 اور سٹیو سمتھ 72 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور ساجد خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی، حسن علی، نعمان علی اور بابر اعظم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
آسٹریلیا کے 556 رنز کے جواب میں پاکستان کی پہلی اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے کیا لیکن عبداللہ شفیق 13 رنز بنا کر سوئپسن کی شاندار تھرو پر رن آئوٹ ہو گئے جبکہ امام الحق بھی بڑی ہٹ لگانے کی کوشش میں 20 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہو گئے۔اظہر علی کو مچل سٹارک نے 14 رنز پر کیچ آئوٹ کرایا جبکہ اگلی ہی گیند پر فواد عالم بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 6 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آئوٹ ہو گئے۔پاکستان کی پوری ٹیم 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ نعمان علی نے 20 اور شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز کی اننگز کھیلیں۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ مچل سوئپسن کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ پیٹ کمنز، ناتھن لیون اور کیمرون گرین نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ پاکستان کے دو کھلاڑی رن آئوٹ ہوئے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 0-0 سے برابر ہے۔ پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔