صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کا ایشین برائونز میڈل جیتنے والی باکسر کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا اعلان

پشاور( سپورٹس رپورٹر)خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن نے ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں برونز میڈل جیتنے والی خیبرپختونخوا کی باکسر ہادیہ کمال کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار لڑکیوں کے ایونٹ میں میڈل جیتنے والی باکسر کی حوصلہ افزائی کے لئیان کی خوراک، روزانہ کے اخراجات اور کٹس میں بھی مدد کی جائے گی۔ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہادیہ کمال نے ملک وقوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے چیمپئن شپ میںشرکت کے لئے جاتے وقت ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس نے انہیں دو لاکھ روپے دیئے تھے جبکہ باقی اخراجات باکسر کے والدین اور خاندان نے اپنے طور پر پورے کئے

 

صوبائی اور وفاقی حکومت بچی کے لئے نقد انعام کا اعلان اور مزید تربیت کا بندوبست کرے تاکہ وہ آگے جاکر ملک کے لئے مزید اعزازات لائے۔ انہوںنے کہا کہ اولمپک ایسوسی ایشن عنقریب ہادیہ کے اعزاز میں استقبالیہ دے گی جس میں ان کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اور نقد انعام بھی دیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سالوں سے اولمپک ایسوسی ایشن کے اخراجات خود برداشت کر رہے ہیں حکومت نے کوئی گرانٹ نہیں دی اب سننے آیا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جولائی سے صوبائی اولمپک ایسوسی ایشنوں کو کچھ رقم دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے لئے فروغ کے لئے ٹیلنٹ کی تلاش پر توجہ دینا ہوگی اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ٹیلنٹ ہنٹ، سہولیات ومراعات دیئے بغیر کھیل فروغ پائیں گے تو وہ غلط ہیں۔ انہوں نے عالمی سنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے احسن رمضان کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہیں خیبر پختونخوا مدعو کر کے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

error: Content is protected !!