پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رئوف کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کنڈیشنز کا فائدہ اٹھائے گی اور ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی، سیریز کو کسی صورت آسان نہیں لے سکتے۔لاہور میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران حارث رئوف کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی سکواڈ کے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں ناتجربہ کار ضرور ہیں لیکن انہیں ڈومیسٹک کا تجربہ ہے، آسٹریلوی کرکٹرز بگ بیش لیگ کھیلتے ہوئے آ رہے ہیں۔حارث رئوف کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا ایک بڑی ٹیم ہے ہم ہی نہیں آسٹریلیا بھی پرجوش ہے، شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز بہت اچھی ہوئی، فینز کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے، میرا خواب تھا کہ میں ٹیسٹ کھیلوں گا، ٹیسٹ سکواڈ میں تھا لیکن کورونا کا شکار ہوا اور بعد میں کمبی نیشن کی وجہ سے پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نسیم شاہ اور دیگر بالروں نے عمدہ بولنگ کی، مجھے امید ہے کہ جلد مجھے بھی موقع ملے گا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے کہا کہ شان ٹیٹ کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے، ان کے ساتھ کام کر رہا ہوں، وہ چاہتے ہیں کہ ڈیتھ اوورز میں بولنگ اچھی ہونی چاہئے، اب وہ مجھے ٹریننگ کے دوران اس حوالے سے بتائیں گے۔