فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کے ہمراہ اپنی وائرل تصویر کی دلچسپ کہانی سنائی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے پوڈ کاسٹ میں شاہین شاہ آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیریز سے قبل دونوں ٹیمیں ٹی ٹونئٹی ورلڈکپ میں مدمقابل آئیں تاہم حالیہ 6 ہفتوں میں دونوں ممالک کے کھلاڑی مکمل طور پر آپس میں گھل مل گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو قریب آنے کا موقع ملا۔شاہین شاہ آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کے ساتھ دلچسپ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ گیند کروانے کے بعد ڈیوڈ وارنر کے قریب گئے تو وہ بھی وہیں ٹھہر گئے جس سے فوٹو گرافرز کو بہترین تصویر ملی۔فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ وہ ایک ایسا لمحہ تھا جس نے لوگوں کو تفریح فراہم کی، وارنر کی حسِ مزاح بہت زبردست ہے، وہ جان کر وہاں کھڑا ہوا تاکہ تصویر آجائے اور بعد میں ہم دونوں نے سوشل میڈیا پر آنے والے ردعمل کو خوب انجوائے کیا۔