پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان جونیئر لیگ کے انعقاد کی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔ اس ضمن میں پی سی بی نے رواں سال اکتوبر میں شیڈول ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے لیے ایکسپریشن آف انٹریسٹ کی درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا ہے
پی سی بی نے مندرجہ ذیل حقوق کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں:
1) ٹائٹل اسپانسر شپ
2) لائیو اسٹریمنگ
3) کٹیگری اسپانسرشپ
4) ٹیم فرنچائزز
ان حقوق کے حصول میں دلچسپی رکھنے والی پارٹیز پی سی بی کی ویب سائٹ پر دستیاب ڈاکومنٹنس سے پی جے ایل کے لیے ایکسپریشن آف انٹرسٹ کا فارم ڈاؤن لوڈ کرکے اسے اپنی درخواست کے ہمراہ 26 اپریل 2022 سے قبل bidding@pcb.com.pk پر بھجواسکتی ہیں۔
رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا انہیں خوشی ہے کہ کئی دنوں کی انتھک محنت اور منصوبہ بندی کے بعد انہوں نے آج، دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی بین الاقوامی لیگ، پاکستان جونیئر لیگ کے لیے ایکسپریشن آف انٹریسٹ کی درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا ہے۔ وہ یہ ٹورنامنٹ رواں سال اکتوبر میں منعقد کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس لیگ میں شہروں کی ٹیمیں شرکت کریں گی، جس کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹ کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پی سی بی ایک ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتا ہے، جہاں اس کھیل کے لیجنڈز اور آئیکونز نوجوان کھلاڑیوں کے ہمراہ ڈگ آؤٹ میں بیٹھے ہوں گے۔
رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ پی سی بی کے پاتھ وے پروگرام کی ایک کڑی ہے، جہاں مختلف شراکت داریوں کے ذریعے 100 باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کے بہترین کوچز کی زیرنگرانی کرکٹ اسکلز سیکھائی جائیں گی۔ ان کھلاڑیوں کو تعلیم اور ماہوار وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا۔