پاکستان کے 2 کوہ پیمائوں کی جانب سے نیپال میں واقع دنیا کی تیسری بلند ترین کنگچن جنگا چوٹی کو سر کرنے کی کوشش جاری ہے، اس چوٹی کی بلندی تقریباً 8ہزار 586 میٹر ہے۔رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سرباز خان اور لاہور کے شہروز کاشف چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔خیال رہے کاشف شہروزکے ٹو سر کرنے والے سب سے کم عمر کوہ پیما ہیں۔دونوں کوہ پیما فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور ان کا مقصد اس ماہ کے اختتام سے قبل چوٹی تک پہنچنا ہے۔پاکستانی مہم کنگچن جنگا 2022 کے منتظم سعد منور ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سرباز خان نے 5 اپریل کو 5 ہزار 500 میٹر پر بیس کیمپ قائم کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ سرباز ہفتہ کو کیمپ 2 پر پہنچے تھے اور وہ رواں ماہ کے آخر تک چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سرباز خان نے اپنے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ پچھلے چند ہفتے ان کے لیے بہت چیلنجنگ رہے ہیں کیونکہ اس دوران انہیں پہاڑ سر کرنے میں خاصی آزمائش کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ وہ آخری سمٹ پر پہنچنے کے منتظر ہیں اور وہ خود کو بہت مضبوط اور پراعتماد محسوس کررہے ہیں، انہیں بہتری کی امید ہے۔دریں اثنا، کوہ پیما شہروز کاشف 15 اپریل کو کنگچن جنگا کے بیس کیمپ پر پہنچے تھے۔ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے شہروز کاشف نے کہا تھا کہ انہوں نے انتہائی سخت موسمی حالات اور منفی 30 ڈگری سیلسیس کو چھونے والی سردی کے دوران ہفتہ کو کیمپ 2 میں رات گزاری۔ان کا کہنا تھا کہ وہ کیمپ تھری کا نصف راستہ سر کر چکے تھے پھر اتوار کو واپس بیس کیمپ 2 میں آئے۔