ریکارڈ یافتہ مارشل آرٹس کھلاڑی راشد نسیم کمانڈوز کو تربیت دینگے

ممتاز پاکستانی مارشل آرٹس کھلاڑی محمد راشد نسیم نے ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد سے ملاقات کی اور ایس ایس یو کمانڈوز کو مارشل آرٹس کی مختلف ٹیکنیکس کی تربیت دینے کے لیے رضاکارانہ تعاون کا اعلان کیا۔محمد راشد مارشل آرٹس میں پنچس،ککس، بریکنگ، نن چکو، اسٹکس اور مختلف کٹیگریز میں انفرادی طور پر اب تک 77 گنیز ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کر چکے ہیں۔ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر مقصود احمد نے رضاکارانہ طور پر ایس ایس یو کمانڈوز کے لیے خدمات سرانجام دینے پر محمد راشد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات پولیس اور ایس ایس یو کمانڈوز کی صلاحیتوں کوکھیلوں کے میدانوں میں اجاگر کرنے میں مثبت کردار ادا کریں گی۔

 

ڈی آئی جی سکیورٹی نے مزید کہا کہ ایس ایس یو ہمیشہ سے ہی کھیلوں کو فروغ دیتا رہا ہے۔ایس ایس یو کے کئی کمانڈوز قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلے جیت کر میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔محمد راشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی سیکیورٹی کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ وہ کمانڈوز کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش اور تربیت دیں گے۔بعد ازاں ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈاکٹر مقصود احمد نے محمد راشد نسیم کو سووینئر پیش کیا۔

تعارف: newseditor