پاکستان نمبر ون اولمپیئن بیڈ منٹن پلیئر ماحور شہزاد چاہتی ہیں کہ کامن ویلتھ گیمز سے قبل ایک طویل کیمپ لگے اور اس کیمپ کے لیے غیر ملکی کوچ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔لاہور میں کامن ویلتھ گیمز کے لیے ہونے والے ٹرائلز کے موقع پر نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہو ئے اولمپیئن ماحور شہزاد نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز ایک بڑا ایونٹ ہے، اس میں دنیا کے ٹاپ کلاس پلیئرز حصہ لیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کیلئے گیمز کی بھرپور تیاری کی ضرورت ہوتی ہے، میرا ماننا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز سے قبل ایک طویل کیمپ درکار ہے۔ماحور شہزاد نے کہا کہ پاکستان کے کوچز بھی اچھے ہیں لیکن ہمیں کیمپ کے لیے ایک غیر ملکی کوچ کی بھی خدمات حاصل کرنی چاہیے
اس سے ہمیں تیاری کا بھی بھرپور موقع ملے گا۔قومی بیڈمنٹن پلیئر نے کہا کہ ہمیں انٹر نیشنل ایکسپوژر کی ضرورت ہے، ہمیں بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا کم موقع ملتا ہے، ہم آپس میں کھیل کھیل کر خود میں بہتری نہیں لا سکتے۔انہوں نے کہا کہ مہارت حاصل کرنے کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا ہو گا میں چاہوں گی کہ کامن ویلتھ گیمز سے قبل انٹر نیشنل ٹور بھی ہو اس سے ہمیں بہت فائدہ ہو گا۔ماحور کا مزید کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے بہت پرجوش ہوں، موقع ملا تو میں توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔