قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کو بابر اعظم کی حمایت کے باوجود سلیکٹرز نے نظر انداز کردیا۔تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی خواہش کے برعکس سلیکٹرز نے بائیں ہاتھ کے بلے باز حارث سہیل کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا ہے۔نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں حال ہی میں اعلان کردہ کنڈیشنگ کیمپ میں 33 سالہ کھلاڑی 60 کرکٹرز میں شامل نہیںہیں۔ذرائع کے مطابق حارث سہیل اپنے ساتھ ہونے والے سلوک پر حیران اور پریشان ہیں۔دوسری جانب بابر اعظم ون ڈے سائیڈ کے مڈل آرڈر کو مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں ان کا خیال ہے کہ حارث سست اور سپن ٹریک پر طویل عرصے تک کھیل سکتے ہیں لیکن سلیکٹرز نے بھی کپتان کی بات نہیں سنی۔
حارث سہیل کی ون ڈے میں اوسط 46.82 ہے انہیں جنوری 2021 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کے بعد ڈراپ کر دیا گیا تھا، جب کہ انہوں نے آخری بار اکتوبر 2020 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی جہاں انہوں نے 71 رنز بنائے تھے۔سلیکٹرز کی یقین دہانیوں کے باوجود انہیں ڈومیسٹک میچز میں شرکت کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔حارث سہیل کے قریبی دوستوں کے مطابق وہ اپنی انجری کے مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے باقاعدگی سے پریکٹس کر رہے ہیں۔