امریکی باکسر گرونٹا ڈیوس نے شاندار مکے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ہم وطن رونالڈ رومیو کو چھٹے رائونڈ میں ناک آئوٹ کرکے اپنے ڈبلیو بی اے لائٹ ویٹ ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرلیا ہے، دونوں باکسر کے درمیان مقابلہ تیزی رفتاری سے شروع ہوا تھا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے پر بھرپور مکے برسائے گئے پانچویں رائونڈ کے اختتام تک بھی گرونٹا کا پلہ بھاری تھا تاہم چھٹے رائونڈ میں ایک زور دار مکا گرونٹا نے اپنے حریف رونالڈ کے چہرے پر مارا جس سے وہ رنگ کی رسیوں کے ساتھ جھول گئے اور پھر گر پڑے جس کے بعد ریفری نے مقابلہ فوری طور پر روک دیا اور گرونٹا ڈیوس کو فاتح قرار دیدیا، ستائیس سالہ گرونٹا ڈیوس کا مقابلہ کے اختتام پر کہنا تھا کہ انہوں نے مکا اتنے زور کا نہیں مارا تھا اصل میں وہ تیز رفتاری سے میری جانب آئے اور مکا لگنے کے بعد سنبھل نہیں سکے، اس فتح کے بعد امریکا کے ہی باکسر ریان گارشیا نے گرونٹا کو رواں سال دسمبر میں مقابلے کیلئے چیلنج دیدیا ہے ، اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر گارشیا کا کہنا تھا کہ میں جولائی سولہ کو رنگ میں واپسی کر رہا اور دسمبر میں گرونٹا کے ساتھ مقابلہ کروں گا ادھر گرونٹا نے بھی چیلنج کو قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ گارشیا جیسا چاہتے ہیں ویسا ہی ہوگا میں یہاں موجود ہوں مقابلہ کروں گا۔