عمان ماسٹرز ہاکی ٹیم کا 23رکنی اسکواڈ کراچی پہنچ گیا، جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اولمپیئن اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اولمپیئن سمیر حسین نے استقبال کیا اس موقع پر سابق انٹرنیشنل کھلاڑی محمد علی خان اور عمان ٹیم کے لائزن آفیسر سید آل حسن بھی موجود تھے ، مہمان کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار بھی پہناکر استقبال کیا گیا ، عمان ٹیم کے ہیڈ کوچ عبدالرحمن نے پاکستان پہنچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسری مرتبہ پاکستان آئیں ہیں دو سال قبل انکی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز کھیلی تھی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا رہا تھا لیکن اس مرتبہ وہ مکمل تیاری کیساتھ کراچی آئے ہیں اور میزبان ٹیم کو ٹف ٹائم دینگے،
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہاکی میں درخشاں ماضی رہا ہے پاکستان کے اولمپیئنز اور انٹرنشنل کھلاڑی دنیا بھر میں مشہور ہیں اسکے باوجود ہمیں امید ہے کہ اس مرتبہ ہم سیریز جیتنے میں کامیاب ہوجائینگے۔
اولمپیئن اصلاح الدین نے کہا کہ سیریز کے تینوں میچز ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی ہماری اکیڈمی میں منعقد ہونگے اور تینوں میچز جو کہ پانچ جون، سات جون اور نو جون کو شیڈول ہیں تمام میچز فلڈ لائٹس میں کھیلے جائینگے اور سرکاری ٹی وی پر تمام میچز براہ راست نشر ہونگے تاہم شائقین ہاکی کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ اسٹیڈیم آکر میچز سے لطف اندوز ہوں، اسٹیڈیم میں تماشائیوں کیلئے داخلہ مفت ہے ۔
اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ اولمپئین سمیر حسین نے کہا کہ ہماری اکیڈمی میں ہر سال ایک غیر ملکی ٹیم ہاکی سیریز کھیلنے آتی ہے عمان کے ساتھ دیگر ممالک کی ماسٹرز ٹیمیں بھی پاکستان میں ہاکی سیریز کھیلنے کی خواہشمند ہیں اور انشاءاللہ مستقبل میں ہماری اکیڈمی دیگر غیر ملکی ٹیموں کی میزبانی بھی کریگی.