کراچی(اسپورٹس رپورٹر)سندھ اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام جاری شہید بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں آل برادرز ملیر نے ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کے شہرت یافتہ کلب موسی لاشاری ایف سی کو ایک گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا‘ کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر ہونے والا یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کی طرف سے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی شرکت کے سبب انتہائی دلچسپ فرہا۔ وقفہ تک دونوں تیمیں بغیر کسی گول کے برابر تھیں‘ وقفہ کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لئے عمدہ ڈربلنگ اور شارٹ پاسز کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین فٹبال کو محظوظ کیا‘ کھیل کے56ویں اور62ویں منٹ میں موسی لاشاری کو گول کرنے کے مواقع ملے لیکن ان کے فارورڈز گول اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ 77ویں منٹ میں آل برادرز ملیر کے انٹرنیشنل کھلاڑی بابر کو گول کرنے کا ایک سنہری موقع ملا جسے انہوں نے بغیر کسی غلطی کے گیند جال کے حوالے کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی‘ کھیل کا مقررہ وقت ختم ہونے تک حریف ٹیم گول برابر نہ کر سکی‘ کے پی ٹی سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کھلاڑی نصیر احمد اس میچ کے مہمان خصوصی تھے‘میچ کو ریفری زاہد نے طاہر اور کریم کی معاونت سے سپروائز کیا۔۔