سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں فاسٹ بولرز کی بجائے سپنرز کی ضرورت ہے۔عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ سری لنکا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا سری لنکا میں کھیل رہی ہے، آسٹریلیا کو سری لنکا میں ہمیشہ مشکل ہی پیش آئی ہے، سری لنکا کی پچز اور کنڈیشنز ایسی ہیں کہ سری لنکا کے لیے فائدہ مند رہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو سری لنکا میں مشکل نہیں ہو گی کیونکہ وہاں پر بھی ہمارے جیسی پچز ہیں، پاکستان کے بیٹرز سپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں، سیریز پاکستان کو جیتنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں سپن بولنگ کا گیپ نظر آتا ہے، ہمارے ہاں جو گیپس ہیں، ان پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔عاقب کا مزید کہنا تھا کہ این ایچ پی سی کے ڈائریکٹر ندیم خان نے بیان دیا کہ 140 کی سپیڈ والے 20 بولرز مل گئے ہیں، فاسٹ بولنگ تو آپ کا مسئلہ ہی نہیں رہا ہے۔سابق فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا کہ مڈل آرڈر بیٹنگ، سپن بولنگ اور آل رائونڈز کا شعبہ آپ کا مسئلہ ہے، ان تین شعبوں پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے اور تمام محنت ان پر کرنا ہو گی۔