پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر خواجہ جنید اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ خواجہ جنید نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ وہ منیجر کی ذمہ داری نہیں نبھا سکتے۔آصف باجوہ نے کہا کہ 12 کھلاڑیوں کو ایشیا کپ میں کھلانے کے معاملے اور انکوائری کمیٹی سے ان کا تعلق نہیں۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سیکرٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ نے بتایا کہ خواجہ جنید نے زبردست کام کیا ہے، وہ شاندار منیجر رہے ہیں۔آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ خواجہ جنید نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ وہ ٹیکنوکریٹ کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خواجہ جنید کو اجازت دے دی کہ وہ منیجر کے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں، اب خواجہ جنید کامن ویلتھ گیمز کے لیے منیجر نہیں ہوں گے۔
سیکرٹری پی ایچ ایف نے بتایا کہ کامن ویلتھ گیمز کے بعد بہت سی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، ممکن ہے خواجہ جنید کسی اچھی پوزیشن پر ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ 12 کھلاڑیوں کے معاملے پر انکوائری ہو رہی ہے، خواجہ جنید کا اس سے کوئی تعلق نہیں، یہ ایک انسانی غلطی تھی۔آصف باجوہ نے کہا کہ ایکمین کا ویزا ٹیکنیکل بنیادوں پر تاخیر کا شکار ہوا، ایک دو دن میں مسئلہ حل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کی ڈیلیز دے دی ہیں جبکہ کھلاڑیوں کو دورہ یورپ کی ڈیلیز بھی جلد مل جائیں گی۔اس موقع پر خواجہ جنید نے کہا کہ وہ گراؤنڈ کے آدمی ہیں، انہوں نے منیجر شپ سے الگ ہونے سے متعلق پہلے ہی فیڈریشن کو آگاہ کر دیا تھا۔