سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹر جاوید میانداد نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں پاکستان کی شاندار جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں کوئی نہیں ہوتا وہاں پاکستان ہمیشہ چمکتا ہے۔ اپنے پیغام میں لیجنڈری بیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے ہمیشہ ریکارڈ بنائے ہیں، قومی ٹیم نے گال کے میدان میں نئی تاریخ رقم کی۔جاوید میانداد نے کہا کہ بابر اعظم جیسا کپتان طویل عرصے بعد ملا ہے، پاکستانی کھلاڑی جیت کیلئے لڑتے نظر آرہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹیم بہت متحد ہو کر کھیل رہی ہے
کامیابیوں کا سہرا بابر اعظم کو جاتا ہے۔ سابق کپتان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے بہت اچھی کپتانی کی اور خود بھی پرفارم کر رہا ہے، بابر اعظم اب میچیور کپتان بن چکے ہیں۔انہوں نے مشہورہ دیا کہ بابر اعظم جب تک کرکٹ کھیلیں، کپتان بن کر کھیلیں۔جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم میں مستقل مزاجی آنی چاہیے، کھلاڑی آگے دیکھیں کیونکہ اب عوام کی آپ سے امیدیں بندھ گئی ہیں۔انہوں نے نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق کے بارے میں کہا کہ عبداللہ کی اننگز کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، انہوں نے آج 160 رنز بنائے، مستقبل میں 200 کی طرف بھی جائیں۔سابق کپتان نے تجویز دی کہ جو آج اچھا کرلیا اس کو بھول جائیں کل پھر اچھا کرنا ہے اس کو یاد رکھیں۔