کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد سات ہو گئی۔ ایک طلائی تمغے کے ساتھ تین سلور اور تین برانز میڈل پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے نام کر لیے، ریسلنگ کے مقابلوں میں شریف طاہر نے چاندی کا تمغہ جیت لیا۔ علی اسد برانز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے ، تاہم دوسو میٹر ریس کے فائنل تک پہنچ کر تاریخ رقم کرنے والے شجر عباس میڈل نہ جیت سکے۔
برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کا محاذ، پاکستانی پہلوانوں نے شاندار پر فارمنس دکھا کر شائقین کے دل جیت لیے۔ شریف طاہر 74 کلو گرام کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ فائنل مقابلے میں پاکستانی پہلوان بھارتی حریف نوین سے شکست کھا گئے۔
علی اسد نے 57 کلوگرام کیٹیگری میں برانز میڈل اپنے نام کیا، انہوں نے نیوزی لینڈ کے سورج سنگھ کو چاروں شانے چت کر دیا۔ پاکستان کے طیب رضا 97 کلو گرام کیٹیگری میں برانزمیڈل کے لیے کھیلے جانے والا میچ ہار گئے، طیب رضا بھارتی ریسلر دیپک نہرا کے مدمقابل تھے۔
دوسو میٹر دوڑ کے فائنل میں شریک واحد ایشین کھلاڑی شجر عباس میڈل حاصل نہ کرسکے ۔ پاکستان کی جانب سے اب تک واحد گولڈ میڈل نوح بٹ نے ویٹ لفٹنگ میں حاصل کیا۔
کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اب تک سونے کا ایک جبکہ چاندی اور کانسی کے تین ، تین تمغے حاصل کر چکا ہے۔