آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی ٹیم نے بارش سے متاثرہ میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈگ ورتھ لیوس فارمولا کے تحت پانچ رنز سے شکست دیدی، تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی 64 ناٹ آئوٹ، کے ایل راہول پچاس اور سوریا کمار یادیو تیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے، بنگلہ دیش کی جانب سے حسن محمود نے تین جبکہ شکیب الحسن نے دو وکٹیں حاصل کیں
جواب میں بنگلہ دیش ٹیم کو سولہ اوورز میں جیت کیلئے 151 رنز کا ہدف ملا جس کا تعاقب بنگلہ دیش کی ٹیم نے زبردست انداز سے کیا تاہم وہ مقررہ اوررز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا پائی اور میچ پانچ رنز کے فرق سے ہار گئی، بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن داس نے دھواں اننگز کھیلی اور صرف 27 گیندوں پر سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے جبکہ نور الحسن چودہ گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے پچیس رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، بھارت کی جانب سے اردیب سنگھ اور ایشون نے دو دو جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ویرات کوہلی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔